ملک کے کئی علاقوں میں آج آنے والے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی گئی

پنجاب کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا، شہری نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دے سکتے ہیں۔ ترجمان پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 مئی 2023 13:59

ملک کے کئی علاقوں میں آج آنے والے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 مئی 2023ء ) ملک کے کئی علاقوں میں آج آنے والے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کری ہے، اس ضمن میں ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کی گئی ہے، اس لیے تمام اضلاع زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ بجھوائیں۔

ترجمان اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہے، صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، شہری نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ آج صبح کے وقت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، وفاقی دارالحکومت کے گردو نواح کے علاوہ مری، راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، خوشاب، چکوال اٹک اور فیصل آباد کے ساتھ ساتھ ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، صوبہ خیبر پختونخوا میں پشاور، سوات، صوابی، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، لوئردیر اور شبقدر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد اور گردونواح کے علاوہ گلگت بلتستان میں دیامر اور مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی، زلزلےکی گہرائی 223 کلومیٹر تھی اور زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا، زلزلے کے باعث خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آگئے، فوری طور پر کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔