’فوج کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا‘

نامور اداکار بہروز سبزواری نے خود سے منسوب وائرل آڈیو کی تردید کردی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 مئی 2023 14:34

’فوج کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا‘
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 مئی 2023ء ) ملک کے نامور اداکار بہروز سبزواری نے خود سے منسوب وائرل آڈیو کی تردید کردی۔تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے اپنی وائرل آڈیو پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں نے فوج کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا اور جو آڈیو وائرل ہوئی وہ جعلی ہے جو کسی نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے بنائی ہے۔

بہروز سبزواری نے کہا کہ فوج ہمارا طرۂ امتیاز ہے، فوج نے ہمیشہ پاکستانیوں کے لیے اپنی جان قربان کی ہے اور ہم بھی فوج کے لیے اپنی جان قربان کر سکتے ہیں، اللّٰہ اُن سے حساب لے گا جو لوگ فوج کے خلاف اس طرح کی چیزیں پھیلا رہے ہیں۔ افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اداکار نے کہا جن لوگوں کی دل آزاری ہوئی میں ان کو بتا دوں کہ یہ سب جھوٹ ہے، سب اللّٰہ سے دعا کریں کہ پاکستان اور پاکستانی فوج سلامت رہے۔

(جاری ہے)


ادھر 9 مئی کو جی ایچ کیو جانے کا اعلان کرنے والے معروف ٹک ٹاکر نے معافی مانگ لی، معروف ٹک ٹاکر منیب نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 9 مئی کو میرا مقصد صرف پرامن احتجاج کرنا تھا اس کے علاوہ میری کوئی نیت نہیں تھی، 9 مئی کے واقعات سے ہمارے ملک کو بہت نقصان پہنچا، میرے لیے سب سے پہلے میرا ملک ہے اور پاکستان کی حفاظت کرنے والی پاک آرمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایک انٹرویو وائرل ہے جس میں جی ایچ کیو جانے کی بات کر رہا ہوں، میرا مقصد صرف پرامن احتجاج کرنا تھا، میں حلفاَ اس چیز کا اقرار کرتا ہوں کہ میں نے ایک پتہ بھی نہیں توڑا، کسی توڑ پھوڑ میں میرا کردار نہیں، یہاں تک کہ میں جی ایچ کیو کی طرف گیا بھی نہیں، الفاظ جذبات میں ادا کیے گئے جس پر معافی مانگتا ہوں، معافی مانگتا اپنا فرض سمجھتا ہوں اور میں آئندہ ایسی کسی سرگرمی میں شامل نہیں ہوں گا۔