9مئی کوخیبرپختونخوا میں دفاعی تنصیبات پر حملوں میں ملوث شرپسندوں کے مقدمے فوجی عدالتوں میں چلائے جا رہے ہیں، رپورٹ

اتوار 28 مئی 2023 16:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2023ء) 9مئی کوخیبرپختونخوا میں دفاعی تنصیبات پر حملوں میں ملوث شرپسندوں کے مقدمے فوجی عدالتوں میں چلائے جا رہے ہیں، فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ابتک 20 شرپسند گرفتار کئے جا چکے ہیں جبکہ9 مئی کو جلاؤ گھیرا ؤ،توڑ پھوڑ اور شرپسندی کارروائیوں میں ملوث کل 2788 شرپسندوں کو تاحال گرفتار کیا گیا ہے ۔

سرکاری حکام کی جانب سے جاری شدہ تفصیلات کے مطابق فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ابتک 20 شرپسند گرفتار کئے جا چکے ہیں جن میں سے 05 شرپسند ضلع مردان، 02 ضلع لوئر دیر، 01 ضلع ایبٹ آباد اور 07 ضلع بنوں سے گرفتار کئے گئے ہیں ، ان شرپسندوں کو فوجی عدالتوں میں پیش کیا جاچکا ہے جبکہ باقی 05 شرپسندوں کو بھی جلد پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سرکاری حکام کی جانب سے جاری شدہ تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو سرکاری، نجی اور عسکری تنصیبات پر حملوں میں ملوث شرپسند عناصر کیخلاف تصاویر، ویڈیوزفوٹیج کی مدد سے پکڑ دھکڑ اور شناخت کا عمل جاری ہے،شناخت کے عمل میں نادرا سے بھی مدد لی جارہی ہے تاکہ غلطی سے بھی کسی بے گناہ کو سزا نہ دی جائے جبکہ سرکاری، نجی اور دفاعی تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسندوں کو کڑی سزا دی جائے گی اس سلسلے میں کسی کیساتھ بھی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

سرکاری حکام کی جانب سے جاری شدی تفصیلات کے مطابق9مئی کو جلاؤ گھیراؤ اورتوڑ پھوڑ میں ملوث خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کی برطرفی کا امکان ہے ، میئرپشاور نے جلاؤگھیراؤ کرنے والے چیئرمین اور کونسلروں کی فہرستیں طلب کرلیں۔مظاہروں میں شریک مقدمات میں نامزد بلدیاتی نمائندوں کوبرطرف کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور سلسلے میں محکمہ بلدیات نے پولیس سے ریکارڈ مانگ لیا۔ مئیرپشاورزبیرعلی کا کہنا تھا کہ قومی املاک کونقصان پہنچانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اسی طرح خیبرپختونخوا حکومت کے متعلقہ اعلیٰ حکام نے تمام محکموں سے 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث سرکاری ملازمین کی فہرستیں بھی طلب کی ہے۔