ایبٹ آباد، پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکرٹریٹ میں یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب

اتوار 28 مئی 2023 17:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2023ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکرٹریٹ میں 28 مئی یوم تکبیر کے حوالے سے اور میاں محمد نواز شریف اور قوم کے محسن ڈاکٹر عبدالقدیر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلعی صدر ملک محبت اعوان اور ضلعی جنرل سیکرٹری ذوالفقار جاوید عباسی نے کی۔ مسلم لیگ ن ضلع ایبٹ آباد کے سیکرٹری اطلاعات ملک سہیل اعوان نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ آج ہونے والی تقریب میں کثیر تعداد میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنان نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ملک محبت اعوان نے کہا کہ 28 مئی یوم تکبیر وہ دن ہے جب بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں شیردل لیڈر میاں محمد نواز شریف نے ہر طرح کے عالمی دباؤ کی پرواہ کیے بغیر ملک کے دفاع کو مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا اور ایٹمی دھماکےکر کے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا کر پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔

(جاری ہے)

ملک محبت اعوان نے کہا کہ یہ وہ دن ہے جب چاغی کے پہاڑوں سے اڑتی دھول پاکستان کے روشن مستقبل اور مضبوط دفاع کی گواہی دے رہی تھی۔ مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری ذوالفقار جاوید عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 28 مئی کا دن اس بات کا ثبوت ہے اگر وطن عزیز کی کمان قائد میاں محمد نواز شریف جیسے بہادر لیڈر اور مسلم لیگ ن جیسی محب وطن جماعت کے ہاتھ میں ہو تو قوم کا تحفظ مضبوط اور مستقبل روشن ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا، ہماری آزادی خودمختاری قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔ تقریب میں مسلم لیگ ن ٹریڈ ونگ کے ضلعی صدر سردار سعید، تحصیل ایبٹ آباد کے صدر شوکت ہارون خان جدون، یوتھ ونگ کے ضلعی صدر ملک وقار اعوان، سینئر نائب صدر سردار خالد، نائب صدر ضلع حاجی جاوید خان اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا، پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور شہداء پاکستان اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔