Live Updates

عمران خان کو زمان پارک کی رہائشگاہ میں نظر بند رکھنے کی تجویز

عمران خان کی نظر بندی کے دوران کسی کو ملنے کی اجازت نہیں ہوگی، انٹرنیٹ پر تقاریر بھی نہیں کر سکیں گے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 28 مئی 2023 19:01

عمران خان کو زمان پارک کی رہائشگاہ میں نظر بند رکھنے کی تجویز
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 مئی 2023ء ) وفاقی حکومت کو عمران خان کو زمان پارک کی رہائشگاہ میں نظر بند رکھنے کی تجویز دے دی گئی۔ نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق حکومت کو یہ تجویز دی گئی ہے کہ عمران خان کو ان کی رہائش گاہ میں ہی نظر بند کر دیا جائے۔ مزید یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ عمران خان کی نظر بندی کے دوران کسی کو ان سے ملنے کی اجازت نہ دی جائے۔

اسی طرح نظر بندی کے دوران عمران خان کو سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے اور انٹرنیٹ پر تقاریر کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نظر بندی کے حکم کے بعد عمران کی رہائش گاہ زمان پارک کو سب جیل قرار دے دیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج ہم تاریک دور میں جی رہے ہیں، ہمارے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے والا کوئی نہیں۔

(جاری ہے)

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان مہں انہوں نے کہا کہ عمر ایوب اور شہزاد اکبر کے گھروں پر رات کو چھاپے مارے گئے، آج ہم تاریک دور میں جی رہے ہیں، آئین کی خلاف ورزی کی گئی، عدالتی فیصلوں کی کھلم کھلا دھجیاں اڑائی گئیں، بغیر وارنٹ کے گھروں کو توڑا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی، میڈیا کا منہ بند کیا گیا اور ہمارے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے والا کوئی نہیں۔

عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ اگر جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے بارے میں کوئی شک تھا تو اس سند یافتہ مجرم کی یہ پریس کانفرنس ایسے تمام شکوک و شبہات کو دور کر دیئے کیوں کہ وہ واضح طور پر میڈیا میں ہونے والی خوفناک کہانیوں کو چھپانے اور پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ کبھی بھی ریاست کی طرف سے اتنا برا سلوک اور ہراساں نہیں کیا گیا جتنا اس فاشسٹ حکومت نے کیا ہے جب وہ پرامن احتجاج کے اپنے حق کا استعمال کر رہی تھیں۔

گزشتہ شب ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک کی ایجنسیوں نے ایک گفتگو پکڑی ہے جس میں دو طرح کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی، انٹیلی جنس ایجنسیوں نے جو گفتگو پکڑی ہے، وہ پی ٹی آئی کی منصوبہ بندی سے متعلق ہے جس پر آج رات ہی عمل ہونا تھا، گفتگو پی ٹی آئی کے رہنما کے گھر چھاپے سے متعلق ہے اور دوسرا ڈرامہ یہ تھا کہ ریپ ایکٹ کیا جائے، مقصد تھا کہ ریپ ایکٹ کا الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لگایا جائے اور ریپ ایکٹ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے، منصوبہ بنایا گیا کسی پی ٹی آئی رہنما کے گھر چھاپے کے دوران فائرنگ بھی ہو۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے اب انتہائی گھٹیا ڈرامہ رچانے کی منصوبہ بندی کی ہے، عمرانی فتنے کا مقصد تھا کہ لوگوں کو گمراہ کیاجائے، یہ ڈرامہ آج رات کیے جانے کا امکان تھا لیکن ایجنسیوں نے بروقت اسے ناکام بنایا، اسی طرح نو مئی کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، میں اس گمراہ ٹولے اور اس کے سرغنہ کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ آپ لوگ اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، جس نفرت کو عمران خان نے لوگوں کے دلوں اور ذہنوں میں جلایا، اس نفرت کی آگ میں آج وہ خود ہی جل گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات