Live Updates

ابھی تک عمران خان کی نظر بندی کا فیصلہ نہیں ہوا،محسن نقوی

خدیجہ شاہ پولیس کی حراست میں ہے ان کی شناخت پریڈ چل رہی ہے،جیل میں خواتین سے بدسلوکی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں،نگران وزیراعلٰی پنجاب

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 29 مئی 2023 10:49

ابھی تک عمران خان کی نظر بندی کا فیصلہ نہیں ہوا،محسن نقوی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 مئی 2023ء ) نگران وزیراعلٰی پنجاب نے جیل میں خواتین سے بد سلوکی کی خبروں کی تردید کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ابھی تک عمران خان کی نظر بندی کا فیصلہ نہیں ہوا،جیل میں خواتین کے ساتھ بد سلوکی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا،خواتین سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔

خواتین سے بدسلوکی بارے پراپیگںڈا کیا جا رہا ہے،ماؤں بہنوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات ملکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے،جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث کسی شخص کو رہا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خدیجہ شاہ پولیس کی حراست میں ہے،ان کی شناخت پریڈ چل رہی ہے۔جناح ہاؤس پر حملے والے کا خواہ جتنا مرضی اثر و رسوخ ہو اسے چھوڑا نہیں جا سکتا،حملے کے ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ کلبھوشن سے کم سزاوار نہیں ہیں،ہم کسی گناہ گار کو گرفتار نہیں کریں گے، جن کا جرم قابل معافی نہیں ہے انہیں کسی صورت معافی نہیں ملے گی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگوں نے ملکی دفاع کو نقصان پہنچایا، یہ کلبھوشن سے کم سزاوار نہیں ہیں، اب عمران نیازی کہتا ہے کہ ہم اس سے مذاکرات کر لیں، اب یہ فوج سے ڈر رہا ہے، اب یہ نئی سکیمیں سوچ رہا ہے، ملکی دفاع کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف فوج کیوں نہ کارروائی کرے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اس بے شرم کا کوئی پتہ نہیں کہ یہ آج ہی رات کوئی واقعہ کر دے، اللہ نے اس فتنے کو نمایاں کر دیا، اس نے ثابت کر دیا کہ یہ ایک ملک دشمن انسان ہے،اس نے اس بات کا ثبوت دیا کہ یہ سیاست دان نہیں،اس کے ساتھ ہم کیسے مذاکرات کریں گے؟۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات