جناح ہائوس حملہ کیس ،ملزمہ خدیجہ شاہ کے میڈیکل ،ملاقات سے متعلق درخواست خارج

جیل حکام سے خدیجہ شاہ کی میڈیکل رپورٹ طلب ،فیملی کو ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی تھی

پیر 29 مئی 2023 20:40

جناح ہائوس حملہ کیس ،ملزمہ خدیجہ شاہ کے میڈیکل ،ملاقات سے متعلق درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2023ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس کی ملزمہ خدیجہ شاہ کے میڈیکل اورملاقات سے متعلق درخواست خارج کر دی ۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاس لاہور پر حملے کی مرکزی ملزمہ خدیجہ کے میڈیکل اورملاقات کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے درخواست پر سماعت کی، جب کہ خدیجہ شاہ کے وکیل سمیر کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔

خدیجہ شاہ کے وکیل نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ میڈیا پر خدیجہ شاہ کی طبیعت ناساز ہونے کی خبریں چل رہی ہیں، جب سے خدیجہ شاہ گرفتار ہوئی ہے فیملی کو ملنے نہیں دیا گیا۔وکیل نے استدعا کی کہ جیل حکام سے خدیجہ شاہ کی میڈیکل رپورٹ طلب کی جائے، اور خدیجہ شاہ کی فیملی کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے خدیجہ شاہ کے میڈیکل اور ملاقات سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے خدیجہ شاہ کے میڈیکل اور ملاقات سے متعلق درخواست خارج کر دی۔خیال رہے کہ خدیجہ شاہ سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی اور مشہور فیشن برانڈ ایلان کی کریٹو ڈائریکٹر بھی ہیں۔ان کے خلاف جناح ہائوس پر حملے کے تمام ثبوت پولیس نے حاصل کر لئے ہیں، ملزمہ 9مئی کو فون کرکے لوگوں کو بلاتی رہی تھیں۔