پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دو طرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر اہم پیش رفت ہوئی ہے ، تاد جان مولیموف

پیر 29 مئی 2023 19:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2023ء) پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر اتادجان مولیموف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دو طرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر اہم پیش رفت ہوئی ہے ، معاہدہ کی ورکنگ کو حتمی شکل دیدی گئی ہے معاہدہ پر جلد دستخط کئے جائینگے اس معاہدہ سے پاک ترکمانستان باہمی تجارت بالخصوص توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی نئی راہیں کھلیں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں اسلام آباد میں ترکمانستان کے سفارتخانہ میں پاک ترکمانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی صدر دارو خان اچکزئی اور ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کی مشترکہ قیادت میں وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ہے ، وفد میں سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکرٹری ذوالفقار بٹ، چیف ایگزیکٹو ای لائٹ گروپ آف کمپنیز محمد عباس ملک، چیف ایگزیکٹو گولڈ گیس پرائیویٹ لمیٹڈ کرنل ریٹائرڈ شفقت حسین، ڈائریکٹر گولڈ گیس کمپنی عزیز خالد اور سیکرٹری ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن محمد ارسلان کھوکھر شامل تھے ترکمانستان کے سفیر نے کہا کہ پاک ترکمانستان دو طرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر دونوں ممالک کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا ہے جس میں معاہدہ کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا ہے انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے ترکمانستان کے وزرائ کا ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ بھی کریگا اور ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر اہم پیش رفت متوقع ہے انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کے پاس گیس وسیع ذخائر ہیں اور ہم نے پاکستان کو مارکیٹ سے سستی گیس فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے توانائی کی تجارت کو فروغ دینے میں ہراول دستے کا کردار ادا کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ترکمانستان نے توانائی کے شعبے میں 50 سال کے معاہدے کئے ہیں پاکستان کے ساتھ توانائی کے معاہدہ سے گیس کے ذخائر 20 فیصد تک کم ہو جائیگی ملاقات میں ترکمانستان سے ایل پی جی کی درآمد ، پرائس میکانزم، ٹرانزٹ فیس، افغان روٹ کے ذریعے ایل پی جی کی درآمد اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ترکمانستان کے سفیر نے وفد کو 15 جون 2023 ئ کو ترکمانستان میں ہونیوالی بزنس سمٹ میں شرکت کی دعوت دی، ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص ترکمانستان کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کیلئے سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے، وفد نے ترکمانستان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر وفد کو یادگاری شیلڈز بھی دی گئیں۔