Live Updates

عمران خان کی گرفتاری میں قطعا فوج کا کوئی کردار نہیں تھا

گرفتاری میں رینجرز نے پولیس کی مدد کی،عمران خان فوج پر غلط الزامات لگا رہے ہیں،تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق ابھی اتحادیوں سے مشاورت نہیں ہوئی۔وزیر دفاع خواجہ آصف کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 30 مئی 2023 14:58

عمران خان کی گرفتاری میں قطعا فوج کا کوئی کردار نہیں تھا
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 مئی 2023ء) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری میں قطعا فوج کا کوئی کردار نہیں تھا۔عمران خان کو فوج یا رینجرز نے گرفتار نہیں کیا تھا۔گرفتاری میں رینجرز نے پولیس کی مدد کی۔عمران خان فوج پر غلط الزامات لگا رہے ہیں۔عمران خان کے الزامات بالکل غلط ہیں۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق ابھی اتحادیوں سے مشاورت نہیں ہوئی۔

تحریک انصاف پر پابندی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔نوازشریف ضرور پاکستان آئے ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر اخلاقیات کی تباہی عارف علوی نے کی،9مئی حملے ، دفاعی تنصیبات اور قومی عمارات پر حملے کی ابتدا عارف علوی نے لی۔قبل ازیں جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے جب دیکھا کہ بند گلی میں آگئے تو اسٹیبلشمنٹ کو آوازیں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے پچھلے تین چار دن میں جو صلح یا پشیمانی کے چند الفاظ ادا کیے ہیں، ان میں کوئی خلوص یا سچائی نہیں ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی خارج از امکان نہیں۔ ادھر وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ میری سوچ کے مطابق عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہونا چاہئے، اگر ملٹری ٹرائل نہیں تو اے ٹی سی میں کیس چلے گا،عمران خان کے ٹرائل کا فیصلہ ملٹری انوسٹی گیشن ٹیم نے کرنا ہے،جن لوگوں کو بھیجا گیا ان کو براہ راست تعلق عمران خان سے ہے،فوج کی تنصیبات پر حملہ کرکے ریڈلائن کراس کرنے والوں کیلئے کوئی معافی نہیں۔

انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی ذمہ داری اور ڈیوٹی ہے کہ وہ کرائم سے متعلق منصوبہ بندی پر نظر رکھیں، کچھ لوگ عمران خان کے دائیں بائیں معاملات کو مینج کررہے ہیں، ان کی اپنی گفتگو ہے کہ کچھ معاملات کئے جائیں پھر دنیا میں انسانی حقوق کے نام پر پاکستان کو بدنام کیاجائے۔ یہ تو ریکارڈ پر ہے کہ امریکا میں لابیز ہیں، اور وہ پاکستان کے خلاف کام کررہی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات