پولیو پروگرام اور چغتائی لیب کے مابین پولیو کے خاتمے کے لئے معاہدہ پر دستخط

منگل 30 مئی 2023 18:04

پولیو پروگرام اور چغتائی لیب کے مابین پولیو کے خاتمے کے لئے معاہدہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2023ء) قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اسلام آباد میں پولیو پروگرام اور چغتائی لیب کے درمیان شراکت داری کے معاہدے پر دستخط ہو ئے ہیں۔ پولیو پروگرام کے ڈپٹی نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر منصور علی وسان اور چغتائی لیب کے ریجنل ایگزیکٹو منیجر حسنین بخاری نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

شراکت داری کے تحت لیب ٹیسٹ، تشخیصی طریقہ کار اور رپورٹس پر کارپوریٹ سروس پروگرام کے ذریعے صف اول کے پولیو ورکرز کو مخصوص رعایتیں (30 سے 50 فیصد) فراہم کرے گی۔چغتائی لیب سے وابستہ مشہور شخصیات عوامی خدمات کے اعلانات، سوشل میڈیا اور آگاہی کے پیغامات پھیلانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔ وہ ٹیسٹنگ کیمپوں کے قیام اور خصوصی مواقع اور صحت کے عالمی دنوں کے مواقع پر تقریبات کے انعقاد میں مدد کرکے بھی اپنا تعاون بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر منصور وسان نے اس موقع پر کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان میں پولیو وائرس کے خلاف ہماری جنگ میں ایک اہم سنگ میل ہے، پولیو پروگرام بچوں کے صحت مند مستقبل کے لئے تمام شعبہ ہائے زندگی میں باہمی تعاون کے ساتھ کامیابی کے لئے سرگرم عمل ہے۔ ڈپٹی نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر منصور نے کہاکہ چغتائی لیب جیسی معروف تنظیموں کے ساتھ مشترکہ کام سے ہم وسیع تر نجی شعبے کو پیغام بھیج سکتے ہیں کہ وہ زیادہ موثر طریقہ سے مشترکہ کوششوں سے اپنا کردار نبھا سکتے ہیں تاکہ پولیو کے خلاف اجتماعی طور پر کامیابی حاصل کریں۔

چغتائی لیب کے ایگزیکٹو ریجنل منیجر حسنین بخاری نے کہاکہ چغتائی لیب کو پاکستان پولیو پروگرام کے ساتھ پولیو کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چغتائی لیب اپنی کوششوں سے پولیو کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کرنے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اپنی تنظیم کی جانب سے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چغتائی لیب کی شراکت داری پاکستان کے بچوں کی صحت اور تحفظ کے لئے مشترکہ وژن کی نمائندگی کرتی ہے۔ دونوں ادارے مل کر پولیو فری پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لئے کام کریں گے۔