ضلع کونسل جعفرآباد کی مخصوص نشستوں پر عوامی پینل کے نامزد چیئرمین سمیت تین امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد

بدھ 31 مئی 2023 19:12

ڈیرہ اللہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2023ء) ضلع کونسل جعفرآباد کی مخصوص نشستوں پر عوامی پینل کے نامزد چیئرمین سمیت تین امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد، میر عمر خان جمالی کے نامزد امیدوار میر برہان خان جمالی کے لیے میدان صاف ہو گیا، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس میں ریٹرننگ آفیسر کے روبرو اسکروٹنی میں کسان، مزدور اور اقلیت کی خالی نشستوں پر امیدواروں کی اسکروٹنی کا عمل مکمل کر لیا گیا، عوامی پینل سے کسان کی نشست پر امیدوار میر تیمور خان جمالی، مزدور کی مخصوص نشست پر میر حسن خان جمالی اور میر علی رضا جمالی کے کاغذات نامزدگی مدمقابل امیدوار میر برہان خان جمالی کے اعتراضات کے باعث مسترد کر دیئے گئے، ضلع کونسل کے ڈسٹرکٹ چیئرمین کے لیے عوامی پینل کے متوقع امیدواروں میر حسن خان جمالی، میر تیمور خان جمالی اور میر علی رضا خان جمالی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد رکن بلوچستان اسمبلی میر عمر خان جمالی کے نامزد امیدوار میر برہان خان جمالی کے لیے میدان صاف ہوگیا، تاہم چیئرمین کے لیے عوامی پینل سے میر فائق علی خان جمالی کی زوجہ راحت بی بی کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشست پر امیدوار ہونے کی صورت میں ضلعی چیئرمین کی نشست پر میر برہان خان جمالی کو سخت مقابلے کا سامنا ہوسکتا ہے، ضلع چیئرمین کے نامزد امیدوار میر برہان خان جمالی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکروٹنی عمل میں کاغذات کی بحالی پہلی کامیابی ہے، چیئرمین کے انتخاب میں بھی اتحادیوں کے تعاون سے کامیاب ہو جائیں گے، انکا کہنا تھا کہ مدمقابل امیدواروں پر اٹھائے گئے تمام اعتراضات جائز تھے جن کا جائزہ لینے کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے انکے کاغذات مسترد کیے۔