9 مئی واقعات کے پیچھے ایک ہی شخص ، ایک ہی سوچ ہے ‘ بلیغ الرحمن

شہیدوں کی یادگاروں کی بے حرمتی اور فوجی تنصیبات پر حملہ کسی صورت قابل برداشت نہیں گورنر پنجاب سے (ن)لیف سرگودھا ڈویژن کے وفد کی ملاقات ،موجودہ سیاسی صورتحال ،مختلف امور پر تبادلہ خیال

بدھ 31 مئی 2023 22:42

9 مئی واقعات کے پیچھے ایک ہی شخص ، ایک ہی سوچ ہے ‘ بلیغ الرحمن
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان مسلم لیگ(ن)سرگودھا ڈویژن کے صدر چوہدری شاہنواز رانجھا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ خوشحال پاکستان کے لیے مضبوط معیشت بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت اچھی ہو گی تو تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں بہتر ی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ 9مئی کو ہونے والے واقعات میں نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا جنہوں نے حساس مقامات پر نہ صرف حملے کئے بلکہ قومی ہیروز کی یادگاروں کی بے حرمتی سے بھی گریز نہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی یادگاروں کی بے حرمتی اور فوجی تنصیبات پر حملہ کسی صورت قابل برداشت نہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے شہدا ہمارے محسن اور فخر ہیںاور ان کی عزت و تکریم سب پر واجب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہدا سے بڑھ کر ملک کا کوئی محسن ہو سکتا ہے جنہوں نے ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ ان واقعات کے پیچھے ایک ہی شخص اور ایک ہی سوچ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام نے اب تعمیری اور تخریبی سیاست کا موازنہ شروع کر دیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سنی سنائی باتوں پر یقین کرنے کی بجائے حقائق جاننے کے لیے تحقیق ضروری ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے شاہنواز رانجھا کی پارٹی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی ورکرز کسی بھی سیاسی جماعت کا اثاثہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے پارٹی ورکرز اور عوام کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہمارا ہر قدم عوام الناس کی خدمت اور ملک کی ترقی اور بہتری کی جانب اٹھ رہا ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن)سرگودھا ڈویژن کے صدر چوہدری شاہنواز رانجھا نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت اور کارکنان نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی گھیرائو جلا کی سیاست بے نقاب ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی سیاسی جماعت نے مسجد نبوی کے تقدس کو بھی پامال کیا تھا۔ چوہدری شاہ نواز رانجھا نے پارٹی ورکرز کے لیے خیر سگالی جذبات کے اظہارِ پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔