لاہور کے 10مقامات پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے عارضی منڈیا ں قائم ہونگی

بلدیہ عظمی کا منڈیوں میں بیوپاریوں پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ ،جانوروں کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

جمعہ 2 جون 2023 17:10

لاہور کے 10مقامات پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے عارضی منڈیا ں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2023ء) صوبائی دارالحکومت کے 10مقامات پر عید الاضحی کی مناسبت سے قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے عارضی منڈیا ں قائم کی جائیں گی ۔ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ واہگہ زون میں ترکی روڈ نزد ایل ڈبلیو ایم سی ڈمپنگ پوائنٹ کے قریب ،نشتر زون میں ایل ڈی اے سٹی نزد سدھار ویلج کاہنہ کاچھا ڈیفنس روڈ،ایل ڈی اے ایو نیو 1،رائے ونڈ روڈ لاہور،پائن ایو نیو روڈ لاہور،عزیز بھٹی زون میں آئی ٹی یونیورسٹی ( مین کیمپس )برکی روڈ نزد پیرا گون سٹی،راوی زون میں نزد سوئی نادرگیس پائپ لائن آفس فقیر محمد ڈگیا روڈ لنک مین سگیاں روڈ لاہور،داتا گنج بخش زون میں حضرت عثمان غنی روڈ سگیاں روڈ لاہور،شالیمار زون میں سپورٹس کمپلیکس اڈا رکھ چابیل نزد مناواں ہسپتال لاہورجبکہ علامہ اقبال زون میں این ایف سی سوسائٹی ملتان روڈ نزد بحریہ ٹائون اور رائے ونڈ نزد حوایلی مرکز بالمقابل نثار سپننگ ملز سندر روڈ پر قائم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بلدیہ عظمی لاہور نے مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا۔محکمہ بلدیات کی جانب سے ایم سی ایل نے منڈیوں کے قیام کیلئے محکمہ بلدیات سے دو ارب روپے کے فنڈزمانگے تھے، فنڈزنہ ملنے پر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا، ٹیکس لگنے سے جانوروں کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔بلدیہ عظمی کی جانب سے بڑے جانور پر ایک ہزار، بکرے چھترے اور دنبے پر 500روپے فی جانور ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ منڈیوں کے قیام پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے فنڈز کا استعمال نہیں ہو گا۔ذرائع کے مطابق شامیانے، جرنیٹر، صاف پانی، عارضی بیت الخلا کے بدلے ٹیکس وصولی کی جائے گی۔