پاکستان نے سوست بارڈر سے اپنی پہلی ٹرانزٹ کنسائنمنٹ قازقستان بھیج دی

پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد مزید کنٹینرز منتقل کیے جائیں گے

اتوار 4 جون 2023 13:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) پاکستان نے تاریخی شاہراہ ریشم کے ذریعے اپنی پہلی ٹرانزٹ کنسائنمنٹ کامیابی کے ساتھ قازقستان بھیج دی ہے۔ پہلی بار ٹرانزٹ کنسائنمنٹ نے پاکستان میں ایس آر ڈی پی، سوست سے اپنے سفر کا آغاز کیا، اور چین سے ہوتا ہوا الماتی، قازقستان میں اپنی آخری منزل تک پہنچے گا۔گوادر پرو کے مطابق اس اقدام نے چاروں ممالک کے درمیان زمینی راہداری کو فعال کرنے کے لیے پاکستان، چین، کرغزستان اور قازقستان کے درمیان چار فریقی ٹریفک ان ٹرانزٹ ایگریمنٹ (QTTA) کی ایک تاریخی پیشرفت کی نشاندہی کی۔

گوادر پرو کے مطابق کھیپ منتقل کرنے والے بیسٹ ٹرانس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے مالک رمیز علی ربانی نے کہا کہ گاڑی پانچ دنوں میں الماتی پہنچ جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیپ میں فیصل آباد سے لوڈ کیے گئے کپڑ ے شامل ہیں ، پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد مزید کنٹینرز منتقل کیے جائیں گے۔ پاکستان کسٹمز کے ایک عہدیدار کے مطابق اس موقع پر پاکستان میں قازقستان کے سفیر، گلگت بلتستان کے وزراء، کسٹمز کلکٹر اور ڈپٹی کمشنر ہنزہ موجود تھے۔ گوادر پرو کے مطابق کسٹمز کے اہلکار نے کہا کہ یہ تقریب علاقائی رابطوں کے ایک نئے باب کی نشاندہی کرتی ہے اور پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت کے لیے ایک اور راستہ بھی فراہم کرے گی۔