کینیڈا سے پاکستان کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنیکا اعلان

زارا ایئرویز ٹورنٹو سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کیلئے پروازیں چلائے گی

اتوار 4 جون 2023 17:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) زارا ایئرویز نے کینیڈا سے پاکستان کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کیلئے پروازیں چلیں گی۔پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اچھی خبر، کینیڈا سے پاکستان کیلئے زارا ایئرویز نے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

کینیڈا سے براہ راست پروازوں کا اعلان کراچی کے مقامی ہوٹل میں سی ای او زارا ایئرویز سید قلی نے میڈیا کانفرنس میں کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران زارا ائیرویز کے سی ای اوسید قلی کا کہنا تھا کہ کہ زارا ایئر ویز کی پروازیں ٹورنٹو سے پاکستان کے لیے آپریٹ کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ساتھ شاہین ائیرپورٹ سروس کو شامل کیا ہے ہم ان کی گرانڈ سروس کیبن کریو اور دیگراسٹاف استعمال کریں گے، کینیڈا سے ہم این او سی کا انتظار کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

سی ای او زارا ایئر ویز نے کہا کہ اگست سے کوشش ہے اپنے آپریشن کا آغاز کریں مسافر ڈائیریکٹ فلائٹ لینا چاہتے ہیں جو ہم فراہم کریں گے جبکہ ڈائیریکٹ آپریشن مسافروں کی ترجیح ہے۔سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون نے کہا کہ بزرگ مسافروں کو کینکٹنگ فلائٹ سے بچانا بڑے بڑے ائیرپورٹ پرمسافت سے بچانا ہمارامقصد ہے، لوگ چاہتے ہیں ان کے بزرگ اور فیملی کینیڈا سے چلیں ڈائریکٹ پاکستان ان کی منزل ہو۔

سی ای او سید قلی نے کہاکہ ایڈوائزر کی حیثیت سے سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون ہمیں رہنمائی فراہم کریں گے، دو ٹرپل سیون ایل آرطیاروں سے آپریٹ کرنا شروع کریں گے۔طیاروں کی تعداد کے حوالے سے ائیر لائن زارا ایئرویز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سول ایویشن سے سلاٹس ملنے پرمحیط ہے کہ طیاروں کی تعداد بڑھا بھی سکتے ہیں۔