Live Updates

سابق ایم این اے رانا نذیر اور نوریز شکور نے تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا

حلقے کے عوام سے مشاورت کے بغیر پی ٹی آئی میں شمولیت غلطی تھی،اگلا سیاسی لائحہ عمل حلقے کے لوگوں کی مشاورت سے طے کروں گا،رانا ںذیر کی پریس کانفرنس

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 5 جون 2023 16:07

سابق ایم این اے رانا نذیر اور نوریز شکور نے تحریک انصاف کو خیر باد کہہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 05 جون 2023ء) سابق ایم این اے رانا نذیر اور نوریز شکور نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایم این اے اور رہنما تحریک انصاف رانا نذیر نے پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں،اگلا سیاسی لائحہ عمل حلقے کے لوگوں کی مشاورت سے طے کروں گا۔

ریاست اور ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی قابلِ مذمت ہے۔ رانا نذیر نے کہا کہ حلقے کے عوام سے مشاورت کے بغیر پی ٹی آئی میں شمولیت غلطی تھی،9 مئی کو جناح ہاؤس اور افواج پاکستان کے دفاتر کو آگ لگائی گئی،جبکہ ساہیوال سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے نوریز شکور نے بھی سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کا سانحہ بدترین ہے اور سیاست کا سیاہ ترین باب ہے۔

(جاری ہے)

شہداء کے لواحقین خون کے آنسو رو رہے ہیں،ان حالات میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ نوریز شکور بے نظیر بھٹو اور مشرف دور میں بھی وفاقی وزیر رہ چکے ہیں۔ دوسری جانب کراچی سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے نو مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا،ملک شہزاد اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔

پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے،شہدا کی بے حرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ جب چاہا عمران خان سے ملا انہوں نے ہمیشہ تعاون کیا،ان کا شکرگزار ہوں۔ جن کے احسانات ہوتے ہیں ہم اپنی اگلی نسلوں کو بھی بتاتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ علی زیدی،آفتاب صدیقی ہوں،حلیم عادل،خرم اور شیرزمان سمیت سب نے ہمیشہ عزت دی۔سندھ اسمبلی کے آنے والے سیشن میں استعفٰی جمع کرا دوں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات