پنجاب یونیورسٹی ریڈیو سینٹرایف ایم 104.6 کی اکیسویں سالگرہ پرتقریب

پیر 5 جون 2023 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2023ء) پنجاب یونیورسٹی سکول برائے علوم ابلاغیات کے زیر اہتمام ریڈیو سنٹرایف ایم 104.6کی اکیسویں سالگرہ پر کیک کاٹنے کی تقریب کی انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،سٹیشن ڈائریکٹر پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن جاوید اختر، سابق پروگرام مینیجر ریڈیو پاکستان ڈاکٹر مصطفی کمال، ڈائریکٹر سکول برائے علوم ابلاغیات پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم،چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ریلیشنز اینڈ ایڈورٹائزنگ پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن ڈاکٹر عائشہ اشفاق، ریڈیو کورڈینیٹر ڈاکٹر اکرم سومرو، پروگرام مینیجر پی یو ایف ایم 104.6 ایم ارشاد چوہدری، انچارج پی یو ٹی وی سینٹر ڈاکٹر شبیر سرور، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود نے ریڈیو کے 21 برس مکمل ہونے پرسکول برائے علوم ابلاغیات کے فیکلٹی ممبران ، طلبائوطالبات اور ملازمین کو مبارک باد د پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو کی تاریخ بہت پرانی ہے اورعصر حاضر میں بھی اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم و تحقیق کے فروغ اور آگاہی فراہم کرنے میں پی یو ایف ایم متحرک کردار اداکرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی یو ایف ایم ریڈیو تعلیم کے ساتھ طلباء کی تربیت کاآلہ کار بھی بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی یو ایف ایم مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ جاوید اختر نے کہا کہ پی یو ایف ایم ریڈیو میں طلباء کا کام کرنا قابل تعریف ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہاں سے سیکھنے والے طلباء ہ میڈیا میںمثبت صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ادارے کا نام روشن کریں گے۔

ڈاکٹر مصطفی کمال نے کہا کہ آج کے دور میں بھی عالمی سطح پر امن کے قیام کے لئے ریڈیو کا کردار اہم ہے۔ ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے کہا کہ ہمارے سینئر اساتذہ نے پنجاب یونیورسٹی ریڈیو سنٹر کا پودا لگایا جو آج تناور درخت بن چکا ہے اور کئی تخلیقی پروگرامز کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈاکٹر اکرم سومرو نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں ریڈیو ختم ہو گیا لیکن آج کے دور میں پوڈکاسٹ اسکی جدید شکل ہے۔ محمد ارشاد چوہدری نے پی یو ریڈیو سنٹر کی کارکردگی کے حوالے سے سیر حاصل بات چیت کی۔ بعد ازاںپی یو ریڈیو سنٹر ایف ایم 104.6کی اکیسویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔