ہری پور پولیس نے بین الضلاع کارلفٹر گروہ کے 2 سرغنہ کو گرفتار کر لیا، 3 کاریں ،ایک کیری ڈبہ،3 موٹر سائیکل برآمد

منگل 6 جون 2023 20:57

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2023ء) ہری پور پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران بین الضلاع کارلفٹر گروہ کے 2 سرغنہ کو گرفتار کر کے 3 کاریں ،ایک کیری ڈبہ اور 3 موٹر سائیکل برآمد کر لئے۔ ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور آصف گوہر خان نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ممبران کو بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے ہری پور شہر میں گاڑی و موٹرسائیکل چوری کے واقعات رونما ہو رہے تھے۔

ڈی پی او ہری پور محمد عمر خان نے کار لفٹر گروہ کی گرفتاری اور سرقہ گاڑیوں و موٹرسائیکلز کی برآمدگی کے لیے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد سجاد کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق شاہ اور اینٹی کار لفٹنگ سیل پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ۔ٹیم نے جدید سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر کارلفٹر گروہ کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں کا آغاز کیا ۔

(جاری ہے)

کارلفٹر گروہ کی گرفتاری کے لیے دیگر اضلاع کی پولیس سے بھی مدد حاصل کی گئی ۔

اسی دوران کارلفٹر گروہ سے متعلق ہری پور بائی پاس روڈ پر موجودگی کی اطلاع ملی، جس کو مصدقہ جانتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سٹی نے ہمراہ اینٹی کارلفٹنگ سیل و دیگر نفری پولیس کے کارروائی کرتے ہوئے کارلفٹر گروہ کے سرغنہ مقدر شاہ ولد قابل شاہ اورقابل شاہ ولد دلاور شاہ سکنہ جلالہ مردان حال جٹی پنڈ کو ایکس ای موٹرکار سمیت گرفتار کر لیا ۔ملزمان نے سرسری تفتیش کے دوران بتایا کہ ایک گاڑی چکہائی تھیم پارک اور ایک گاڑی کوٹ نجیب اللہ محلہ خندق سے اور تین گاڑیاں تھانہ سٹی کی حدود سے چوری کر کے ضلع خیبر تھانہ لنڈی کوتل کی حدود میں جا کر فروخت کیں اور اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ہری پور شہر اور دیگر تھانہ جات کی حدود سے گاڑی چوریاں کرنے کا انکشاف کیا ۔

ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے ایک روزہ حراست پولیس منظور ہوئی ۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ مقدمہ میں مزید تفتیش جاری ہے ۔