ملک کی معیشت میں مزدور طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے، راجہ پرویزاشرف

بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا،غریب اور متوسط طبقے کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بجٹ پیش کیا جائے گا،

منگل 6 جون 2023 23:06

ملک کی معیشت میں مزدور طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے، راجہ پرویزاشرف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2023ء) اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کی معیشت میں مزدور طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ موجودہ عوام دوست حکومت مزدوروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور آنے والے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا اور غریب اور متوسط طبقے کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بجٹ پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے مزدور طبقے کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے ان خیالات کا پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین کی سربراہی میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کے روز اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مزدوروں کی جماعت ہے اور ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کرتی ہے اور اس طبقے کو حوشحالی کے لیے عملی اقدامات کرنا اور انکی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ملک کی پائیدارترقی کے لیے ضروری ہے۔

پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور قائد مزدور یونین (سی بی ای)چوہدری محمد یٰسین نیملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان بھر کے مزدوروں کو درپیش مسائل جس میں کم سے کم اجرت پر عمل درآمد یقینی بنانا، آنے والے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ،ای او بی آئی پنشن میں اضافے سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر مزدور یونین کے سینئر وائس چیئرمین مرزا سعید اختر، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسد محمود، چوہدری طارق گجر، شفیع اللہ خان، صفدرعباسی، چوہدری عابد، محمد سلیم بھٹی، راجہ غلام میرتضیٰ، محمد یوسف بٹ، ملک سجادحسین سمیت دیگرعہدیداران بھی موجود تھے۔