آر پی او ملاکنڈ کے ریجن بھر میں مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے تمام ڈی پی اوز کو جامع مہم چلانے کے احکامات جاری

تمام سائنسی خطوط سے استفادہ اُٹھا کر 15 یوم کے اندر اندر تمام تفصیلات اکھٹا کرکے ان کے خلاف بھر پور ایکشن شروع کیا جائے،ناصر محمود ستی

منگل 6 جون 2023 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2023ء) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ناصر محمود ستی نے ریجن بھر میں مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے تمام ڈی پی اوز کو جامع مہم چلانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میںتمام سائنسی خطوط سے استفادہ اُٹھا کر 15 یوم کے اندر اندر تمام تفصیلات اکھٹا کرکے ان کے خلاف بھر پور ایکشن شروع کیا جائے،آر پی او نے ریجن کی مجموعی سیکورٹی اور امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ بطور پولیس فورس ہر طرح کے حالات کیلئے تیار رہیں تاکہ علاقے کی موجودہ امن آئندہ کیلئے بھی اسطرح پائیدار رہے،آر پی او نے تھانوں میں بہترین ساکھ کے حامل ایس ایچ اوز کی تعیناتی کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس عملہ عوام اور سائلین کیساتھ اخلاقیانہ رویہ اپنائے اور عوام کو ہر ممکن تعاون فراہم کی جائے،یہ احکامات انہوں نے منگل کے روز ریجنل پولیس آفس ملاکنڈ سیدوشریف سوات میں پولیس فورس کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شانگلہ، بونیر، لوئر دیر، اپر دیر، لوئر چترال، اپر چترال اور باجوڑ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور دیگر متعلقہ پولیس افسران نے شرکت کی، اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر کو اضلاع کی سطح پر سیکورٹی حالات، جرائم کے خلاف پولیس کی کارروائیوں،انسداد منشیات، پولیس کی انتظامی و مالیاتی معاملات، استعداد و دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر آر پی او نے ریجن بھر کی پولیس کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا اور افسران کو پولیس کی ذمہ داریوں کے حوالے سے ہر پہلو میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی، انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں پولیس سے عوام کی زیادہ توقعات وابستہ ہیں اور بحثیت پولیس فورس تمام افسران و نوجوانوں کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ عوام کے اعتماد کو کوئی ٹھیس نہ پہنچے،آر پی او نے اس موقع پر تمام ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں امن و امان کی بہتری اور سیکورٹی پر اولین ترجیح دیں تاکہ موجود ہ پر امن ماحول آئندہ کیلئے بھی برقرار رہے، انہوں نے اس موقع پر شیڈول فورتھ میں شامل افراد نگرانی میں رکھنے کی ہدایات کی اور کہا کہ کسی بھی صورت امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آر پی او نے اضلاع میں ان ٹریسڈ کیسسز کو ٹریس کرنے کیلئے کارروائیاں عمل میں لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تفتیشی افسران اس ضمن میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں، انہوں نے اس موقع پر انسداد منشیات کیلئے ڈی پی اوز کو سخت ٹاسک دیا اور کہا کہ پولیس افسران انسداد منشیات کیسسز کی تفتیش پر محنت کرے تاکہ اس قبیح دھندے میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزائیں مل سکیں اور وہ جیل کے سلاخوں کے پیچھے چلے جائیں، انہوں نے اس موقع پر ڈی پی اوز کو ہدایات کی کہ وہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت موثر اقدامات کرائیں، اپنے اضلاع میں سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں، حساس تنصیبات کے آڈیٹ کرائیں، انہوں نے مختلف وارداتوں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث گینگز اور مافیاز کے خلاف کارروائی کرنے کا ٹاسک بھی ڈی پی اوز کو سونپ دیا ور کہا کہ اس ضمن میں موثر اقدامات کئے جائیں۔