جموں،مٹی کے تودے گرنے کے باعث مغل روڈ ایک بار پھرٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند

منگل 6 جون 2023 19:30

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2023ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مغل روڈ کو ضلع پونچھ میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ایک بار پھر ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے ،اسے تقریبا ایک ہفتے تک بند رہنے کے بعد ایک دن پہلے ہی کھولا گیاتھا۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ مغل روڈ کو جوجموں خطے کے جڑواں اضلاع پونچھ اور راجوری کو وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں سے ملاتی ہے کو گزشتہ ہفتے مٹی کے تودے گرنے کے بعد ایک دن پہلے ہی صاف کیاگیاتھا۔

حکام نے بتایاکہ سڑک گزشتہ روز دوپہر سے یک طرفہ ٹریفک کے لیے کھولی گئی تھی اورآج صبح سے دوطرفہ ٹریفک کی اجازت دی گئی تھی لیکن ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں رتہ چھمب کے مقام پر مٹی کے تودے گرنے کے بعد سڑک کو آج دونوں اطراف کی ٹریفک کے لئے بند کرناپڑا۔حکام نے بتایاکہ راستے سے ملبہ ہٹانے کے لیے مشینری کام کر رہی ہے اور کلیئرنس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ مٹی کے تودے گرنے کے مقام پر دونوں جانب سینکڑوں گاڑیاں سڑک پر پھنسی ہوئی ہیں۔