جے یو آئی کی عمومی کا اجلاس، بجلی کے بلوں میں ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے پر اظہار تشویش

منگل 13 جون 2023 18:59

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2023ء) جے یو آئی کی عمومی کا اجلاس، بجلی کے بلوں میں ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے، سول اسپتال میں سہولیات کے فقدان اور پانی کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی آزادی کا مطالبہ۔ جمعیت علماء اسلام تعلقہ جیکب آباد کی مجلس عمومی کا اجلاس ضلعی آفس میں تعلقہ امیر مولانا عبدالجبار رند کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری مہمان خصوصی تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قاتل ریمنڈ ڈیوس اور سزا یافتہ آسیہ مسیح آزاد ہو سکتی ہے تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیوں آزاد نہیں ہوسکتی ڈاکٹر عافیہ کی آزادی میں حکمرانوں کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل میں ایڈجسٹمنٹ کے نام پر اضافی بل بھیجنا عوام کے ساتھ بڑی زیادتی ہے جس کو واپس لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں پانی کا سنگین بحران ہے 2 ارب کی میگا اسکیم مکمل ہونے کے باوجود شہریوں کو صاف اور میٹھا پانی فراہم نہ کرنا زیادتی ہے انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی سے جو پانی فراہم کیا جاتا ہے وہ بدبودار اور گندگی سے بھرا ہوا ہوتا ہے جس کے استعمال سے بیماریاں جنم لے رہی ہیں لیکن افسوس کہ فنڈز ہونے کے باوجود پانی کو صاف کرنے کے لیے فلٹر پلانٹ میں کیمیکل کا بھی استعمال نہیں کیا جاتا اور پانی کی فراہمی کا کوئی بھی وقت مقرر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سول اسپتال جیکب آباد میں ڈاکٹروں اور عوام کے لیے کوئی بھی سہولت میسرنہیں جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہے اسپتال کی بہتری کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی دنیا کے جہنم جیسی امریکی جیل سے آزادی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔