فیصل آباد میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یونا ن میں کشتی الٹنے کے افسوسناک سانحہ کے سوگ میں دعائیہ تقریب کا اہتمام

پیر 19 جون 2023 17:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2023ء) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے یونا ن میں کشتی الٹنے کے افسوسناک سانحہ میں سینکڑوں پاکستانیوں کے لقمہ اجل بننے کے واقعہ پر یوم سوگ منانے کے اعلان کے سلسلہ میں فیصل آباد میں پیر کے روز ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں یونا ن میں کشتی الٹنے کے باعث زندگی کی بازی ہارنے والوں کی مغفرت کیلئے دعا سمیت پسماندگان سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

کمشنر فیصل آباد سلوت سعید، ایڈمنسٹر یٹر میونسپل کارپوریشن و ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم سوگ پر دعائیہ تقریب کا اہتمام ٹی ایم اے ہال میونسپل کار پوریشن فیصل آباد میں کیا گیا جس میں کمشنرسلوت سعید، ڈپٹی کمشنر فیصل آبادعلی عنان قمرو دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر فیصل آباد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے اعلان کردہ تعزیتی اور دعائیہ تقریب میں حاضر ہم سب لوگ اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ رنج و الم کی اس گھڑی میں ہم انکے لواحقین کے ساتھ کھڑے اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ریاست پاکستان انکے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک فلاحی ریاست بن جائے گا اور لوگوں کو روز گار اور حصول رزق کیلئے باہر کے ممالک میں نہیں جانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی سانحہ ہے اورپوری پاکستانی قوم اس وقت بڑی تکلیف سے گزر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر زندگی کے حصول کیلئے نوجوانوں کو باہر کے ملکوں میں غیر قانونی طریقے سے بھجوانے والے ایجنٹوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سانحات قوموں کو بری طرح سے جھنجوڑ دیتے ہیں تاہم یقینی طورپرجلد ایک دن ایسا ضرور آئے گا کہ پاکستان میں بھی ترقی کا سفر شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اپنی قوم کیلئے بھی بے شمار قربانیاں دی ہیں جب جا کے وہ اب دنیا کی ایک سپر طاقت بننے جا رہا ہے لہٰذا ہمیں بھی مخلص ہوکر اپنے ملک و قوم کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگا تاکہ ہمارا شمار بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہو اور ہمیں یہیں باعزت روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔

تقریب کے اختتام پرمولانا ریاض احمد نے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے صبر جمیل سمیت ملک کی سلامتی و ترقی کی دعا کروائی۔تقریب میں سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔