آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی اپنے نشان اور منشور پر حصہ لے گی ،نیئر بخاری

بدھ 21 جون 2023 00:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سیدنیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی اپنے نشان اور منشور پر حصہ لے گی اور ہم کسی کو پیپلز پارٹی کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے۔پیپلز پارٹی برسر اقتدار آ کر عوام کے حقوق کا تحفظ کریگی ۔ ملک جس بھنور میں پھنس چکا ہے اس سے آصف زرداری نکال سکتے ہیں۔

وہ لبرٹی چوک میں پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام جشن بینظیر کے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔جلسے سے چودھری اسلم گل ،قاسم گیلانی،ثمینہ خالد گھرکی کے علاوہ حافظ غلام محی الدین،،جمیل منج، زاہد ذوالفقار،امجد جٹ،محسن ملہی،چودھری عاطف رفیق،اصف ناگرہ،ایڈون سہوترا اوراسلم گڑا نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے آخر میں بینظیر بھٹو کی 70ویں سالگرہ کا 100پاونڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سیدنیئر حسین بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی برسر اقتدار آ کر عوام کے حقوق کا تحفظ کریگی۔ بجٹ میں تنخواہیں بڑھنے کی وجہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ آنیوالے انتخابات میں پیپلز پارٹی اپنے نشان اور منشور پر حصہ لے گی اور ہم کسی کو پیپلز پارٹی کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے۔

انکا کہنا تھا کہ جس بھنور میں ملک پھنس چکا ہے اس سے آصف زرداری نکال سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی زراعت کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھتی ہے کسان کو پیپلز پارٹی نے اتنا فائدہ دیا کہ وہ خوشحال ہو گیا۔نئیر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کا یوم ولادت لاہور ڈویژن نے بھر پور طریقے سے منایا ہے،چیئرمین بلاول بھٹو نے سانحہ یونان کے باعث سالگرہ تقریبات سادگی سے منانے کی ہدایت کی ہے۔

نیر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کارکنوں نے 44سالوں میں ثابت کیا ہے کہ بھٹو آج بھی زندہ ہے۔آج کارکن نعرہ لگا رہے ہیں بلاول آئیگا روز گار لائیگا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا کہ اتنی محنت اور محبت سے بی بی شہید کی سالگرہ منانے پر کارکنوں کا شکر گزار ہوں،سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی کی لاہور آمد پر انکے شکر گزار ہیں۔

اسلم گل نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کو وزیر اعظم پاکستان بنائینگے،سید قاسم گیلانی نے کہا کہ جشن بینظیر منانے پر تمام قائدین اور کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں۔یہ جلسہ اس بات کی دلیل ہے کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں ریوائیول ہو چکا ہے،پیپلز پارٹی کا جیالا انتشار اور نفرت کی سیاست کو مسترد کرتا ہے۔