Live Updates

ملک سے معاشی بدحالی کے خاتمہ اور کاروبار و صنعتی ترقی کےلئے بزنس فرینڈلی پالیسیوں کانفاذناگزیر ہے،سرحدچیمبر

بدھ 21 جون 2023 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2023ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے مستقل بنیادوں پر بزنس فرینڈلی پالیسیوں کے نفاذ پر زور دیا ہے تاکہ ملک سے معاشی بدحالی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ کاروبار اور صنعتی ترقی کو فروغ دیا جاسکے اوران مستقل پالیسیوں کے نفاذ کے نتیجہ میں مقرر کردہ معاشی و اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں بھی آسانیاں پیدا ہوں۔

بیورو کریسی کا پالیسیوں کی تشکیل اور نفاذ میں کلیدی کردار ہے انہیں سٹیک ہولڈرز کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر پالیسیوں کو مرتب کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ( این آئی ایم ) اسلام آباد میں زیر تربیت 33 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے زیر تربیت افسران کے مطالعاتی دورہ سرحد چیمبر کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

این آئی ایم اسلام آباد میں زیر تربیت اعلیٰ افسران کی سربراہی ڈائریکٹنگ سٹاف نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد زوبیہ مسعود اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی رابعہ کر رہی تھیں جبکہ اجلاس کے دوران سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدورذوالفقار علی خان ٗ فواد اسحاق ٗ ملک نیاز احمد ٗ فیض محمد فیضی ٗ سابق سینئر نائب صدور ضیاء الحق سرحدی ٗ عمران خان مہمند ٗ سابق نائب صدور عبدالجلیل جان ٗ ایگزیکٹو کمیٹی کمیٹی کے ممبران عبدالحکیم شنواری ٗ حمزہ ابراہیم بٹ ٗ منور خورشید ٗ نعیم قاسمی ٗ لال بادشاہ ٗ سید منہاج الدین اور اسحاق اللہ ٗ وقار احمد ٗ محمد اورنگزیب ٗ صدر گل ٗ فیض رسول ٗ فضل واحد ٗ اشتیاق محمد ٗ قیصر شہزاد ٗ سیکرٹری جنرل سرحد چیمبر سجاد عزیز کے علاوہ تاجر ٗ صنعتکار ٗ ایکسپورٹرز اور امپورٹرز بھی موجود تھے۔

شرکاء کے افغان ٹرانزٹ ٗ جیمز اینڈ منرل سیکٹر ٗ امن و امان ٗ ایف بی آر اور کاروبار ٗ انڈسٹریلائزیشن ٗ بندصنعتوں اور دیگر مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی ٗ سابق صدور اور ایگزیکٹو ممبران نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کو فروغ دینے کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں تاہم ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات کو دور نہ کرنے ٗ پالیسیوں میں عدم تسلسل اور مربوط حکمت عملی کے فقدان کے باعث پاک افغان باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ تنزلی کا شکار ہے۔

سرحد چیمبر کے سینئر عہدیداران نے جیمز ٗ ماربل اور منرل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نشاندہی کی اور مختلف سفارشات بھی پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینئر افسران ان سفارشات کو پالیسیوں کا حصہ بنائیں تاکہ ملک میں زرمبادلہ حاصل ہو اور ملکی معیشت کو استحکام ملے۔ شرکاء نے ٹیکس نظام میں اصلاحات ٗ کاروبار ٗ صنعتی ترقی اور کاروباری طبقہ کو مراعات اور سہولیات کی فراہمی اور بزنس فرینڈ لی پالیسیوں کی تشکیل پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی ٗ گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کے باعث صنعتی ترقی زبوں حالی کا شکار ہے خیبر پختونخوا /پشاور میں ایک بڑی تعداد میں کارخانے بند ہوچکے ہیں۔ سرحد چیمبر کے سینئرعہدیداران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان غیر رسمی اور غیر قانونی تجارت کی وجوہات بھی بیان کیں اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان قانونی اور باضابط تجارت کے حوالے سے مختلف سفارشات پیش کیں جنہیں پالیسی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔

اس سے قبل سرحد چیمبر کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد کے زیر تربیت افسران کو چیمبر آمد پر خوش آمدید کہا اور صوبہ خیبر پختونخوا میں کاروبار ٗ صنعتی ترقی اور کاروباری طبقہ کے مسائل کے حل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے تاریخ ٗ مقاصد ٗ اہداف ٗ مستقبل کے منصوبوں اور دیگر اہم اقدامات کے حوالے سےاین آئی ایم اسلام آباد کے زیر تربیت افسران کو ایک ملٹی میڈیا پریذنٹیشن کے ذریعے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

بعد ازاں این آئی ایم اسلام آباد کی ڈائریکٹنگ سٹاف زوبیہ مسعود نے سرحد چیمبر کی جانب مہمان نوازی اور پرجوش استقبال اور شرکاء کے سوالات کا بہتر انداز میں جوابات دینے پر شکریہ ادا کیا۔ سرحد چیمبر کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے مس زوبیہ مسعود کو چیمبر کی شیلڈ بھی پیش کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات