لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان نے دلچسپ ریکارڈ اپنے نام کر لیا

ایک ہی دن پیدا ہونے والے پاکستانی ماں باپ اور سات بچوں کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 12 جولائی 2023 13:50

لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان نے دلچسپ ریکارڈ اپنے نام کر ..
لاہور(اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 12 جولائی 2023ء) پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان نے دلچسپ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ایک ہی دن پیدا ہونے والے پاکستانی ماں باپ اور سات بچوں کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا۔گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق لاڑکانہ کے امیر اور خدیجہ کی تاریخ پیدائش یکم اگست ہے جبکہ ان کے ساتھ بچے بھی مختلف سالوں میں اسی دن پیدا ہوئے یہاں تک کہ خدیجہ اور امیر کی شادی بھی یکم اگست 1991 کو ہوئی تھی۔

شادی کے ایک سال بعد ان کے گھر بیٹی کی پیدائش یکم اگست کو ہوئی۔لاڑکانہ کے اس خاندان میں شامل سات بچوں کی عمریں 19 سے 30 سال کے درمیان ہیں جبکہ ان میں سے دو بھائی اور دو بہنیں جڑواں بھی ہیں۔اس کے بعد بھی جڑواں بچیوں کی پیدائش ہوئی۔

(جاری ہے)

دو جڑواں بیٹے عمار اور احمر بھی یکم اگست کو پیدا ہوئے۔گھر کے سربراہ امیر کا کہنا ہے کہ اس وقت میری حیرانگی کی انتہا نہ رہی جب میری بڑی بیٹی سندھو کی پیدائش بھی یکم اگست کو ہوئی۔

انہوں نے کہا ہر بچے کی پیدائش پر میں اور خدیجہ حیران رہ جاتے تھے ،ہم سمجھتے تھے یہ اللہ کی طرف سے ہمارے لیے تحفہ ہے۔ساتوں بچے قدرتی طور پر اسی تاریخ کو پیدا ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ نہ ہی کوئی بچہ وقت سے پہلا پیدا ہوا اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی منصوبہ سازی نہیں کی تھی۔خیال رہے کہ گنیز ورلڈ میں دلچسپ ریکارڈ شامل دیکھنے میں آتے ہیں۔

اس سے قبل امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی میسی کیورین نے سب سے زیادہ لمبی ٹانگیں رکھنے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنالی۔میسی کیورین کی لمبی ٹانگیں سب کیلئے باعث حیرت ہیں، اس کی ٹانگیں اس کے قد سے تقریبا ایک میٹر لمبی ہیں۔میسی کیورین کی ٹانگوں کی لمبائی 53 انچ ہے جبکہ سابقہ ریکارڈ روس کی ایکاٹیرنیا لیسینا کے پاس تھا جن کی ٹانگوں کی لمبائی52 اعشاریہ 2 انچ تھی۔