سندھ ہائی کورٹ کا گٹکے ماوے کے خلاف پولیس کارروائیوں پر اظہار اطمینان

جو پولیس اہلکار یا افسران خرید و فروخت میں ملوث تھے ان کے خلاف کارروائی جاری ہے،سرکاری وکیل

منگل 25 جولائی 2023 22:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2023ء) سندھ ہائی کورٹ میں آئی جی سندھ کی ٹاسک فورس نے شہر میں گٹکے ماوے کی خرید و فروخت کے خلاف ہونے والی کارروائیوں سے متعلق رپورٹ پیش کردی ۔عدالت نے آئی جی کی رپورٹ اطمینان کا اظہار کردیا ۔

(جاری ہے)

سندھ ہائیکورٹ میں شہر بھر میں گٹکے اور ماوے کی خرید و فروخت سے متعلق سماجی کارکن اور وکیل مزمل ممتاز میئو ایڈوکیٹ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت آئی جی سندھ کی ٹاسک فورس نے رپورٹ پیش کردی۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ گٹکا اور ماوے کی خرید و فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ جو پولیس اہلکار یا افسران خرید و فروخت میں ملوث تھے ان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے آئی جی رپورٹ پر اظہار اطمینان کیا۔ جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیئے کہ مناسب فیصلہ جاری کریں گے۔