خبردار! لڑکیوں کو ہارٹ ایموجیز بھیجنے پر سخت سزائیں ہوں گی

خلیجی ملک کویت نے اس عمل کو بے حیائی پر اکسانے کا جرم قرار دے دیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 اگست 2023 12:39

خبردار! لڑکیوں کو ہارٹ ایموجیز بھیجنے پر سخت سزائیں ہوں گی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 اگست 2023ء ) خلیجی ملک کویت نے لڑکیوں کو ہارٹ ایموجیز بھیجنے کو بے حیائی پر اکسانے کا جرم قرار دے دیا، جس کی پاداش میں جیل کی سزا اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ گلف نیوز کے مطابق کویت میں واٹس ایپ یا سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے کسی لڑکی کو ہارٹ ایموجی بھیجنا اب بے حیائی پر اکسانے کا جرم سمجھا جاتا ہے، جو قانون کے مطابق قابل سزا ہے، اس حوالے سے کویتی وکیل حیا الشلاحی نے بتایا کہ اس جرم کے مرتکب افراد کو 2 سال تک قید اور 2 ہزار کویتی دینار سے زائد جرمانہ ہو سکتا ہے۔

اسی طرح سعودی عرب میں واٹس ایپ پر ’ریڈ ہارٹ‘ ایموجیز بھیجنے پر بھی جیل کی سزا ہوسکتی ہے، سعودی قانون کے تحت جو بھی اس فعل کا مرتکب پایا گیا اسے 2 سے 5 سال قید کی سزا کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ سعودی ریال کا جرمانہ بھی ہو سکتا ہے کیوں کہ واٹس ایپ پر ریڈ ہارٹ بھیجنے کو ہراساں کرنے سے تعبیر کیا جا سکتا ہے، آن لائن گفتگو کے دوران مخصوص تصاویر اور تاثرات کا استعمال ہراساں کرنے کے جرم میں تبدیل ہو سکتا ہے اگر متاثرہ فریق کی طرف سے مقدمہ دائر کیا جاتا ہے اور بار بار خلاف ورزیوں کی صورت میں جرمانہ 3 لاکھ سعودی ریال تک بڑھ سکتا ہے اور اس کے ساتھ 5 سال قید ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اطلاعات ہیں کہ بحرین بھی جلد ہی ہارٹ ایموجیز بھیجنے کو ایک سنگین جرم قرار دینے پر غور کررہا ہے۔ بتاتے چلیں کہ ایموجیز کا استعمال سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز پر گفتگو کے دوران مختلف قسم کے خیالات اور احساسات و جذبات کی ترجماتی کرتا ہے، مختلف قسم کے ایموجی کے ذریعے انسان اپنے دلی خیالات اور قلبی احساسات کا اظہار کرتا ہے جیسے پسند کرنا، ناپسند کرنا، غصے کا اظہار کرنا، خوشی کا اظہارکرنا، غم کا اظہارکرنا اورمحبت کا اظہار کرنا وغیرہ شامل ہے، ایموجی میں جاندار و غیرجاندار دونوں قسم کی تصویر آتی ہیں، ایموجی میں عموماً جاندار کی ادھوری تصویر ہوتی ہے جیسے چہرہ ،ہاتھ، پیر، ہونٹ، کان اور دل وغیرہ تاہم مکمل تصویر بھی ہوتی ہے۔