ضلع بھر میں یوم آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی،رفیق احسن

متعلقہ محکمے یوم آزای کے انتظامات کو حتمی شکل دے کر رپورٹ پیش کریں،ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب

منگل 8 اگست 2023 20:35

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2023ء) آزادی قوموں کے لیے سب سے بڑی نعمت ہے،رواں سال ضلع بھر میں یوم آزادی کی تقریبات پچھلے سال سے بھی زیادہ شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی،متعلقہ محکمے یوم آزای کے انتظامات کو حتمی شکل دے کر رپورٹ پیش کریں،یوم آزادی کی مرکزی تقریب جمینیزیم ہال میں منعقدہوگی جس میںپرچم کشائی ،قومی ترانہ، گارڈ آف آنر، تقریری مقابلے،ملی نغمے، ٹیبلو زسمیت پاک فوج اور پولیس کے شہدا ء کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب میاں رفیق احسن نے ان خیالات کا اظہار یوم آزادی کے انتظامات کاجائز ہ لینے کے لیے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ اللہ توکل وٹو، چیف ایگزیکٹوآفیسرایجوکیشن احسن فرید،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر ملک مختار،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رائو انوار سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میںتمام متعلقہ افسران نے یوم آزادی کی تقریبات کے انتظامات بارے ڈپٹی کمشنر ننکانہ کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب میاں رفیق احسن نے اس موقع پر بتایا کہ یوم آزادی کے حوالے سے تعلیمی اداروں میں کلچرل شو،پینٹنگ اورتقریری مقابلے کروائے جارہے ہیں،ضلع بھر میں اہم شاہراہوں،بازاروں ، چوکوں چوراہوں ،سرکاری عمارتوں سمیت دیگر جگہوں پرخصوصی لائٹنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے بتایا کہ 14اگست کی رات کو علامہ اقبال پارک میں میوزیکل نائٹ اور آتش بازی کاشاندار مظاہر ہ کیا جائے گا،محکمہ کھیل کے زیر اہتمام تگڑا کبڈی میچ اور نمائشی کرکٹ میچ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ میاں رفیق احسن نے مزید بتایا کہ تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں بھی یوم آزادی کے حوالے سے رنگارنگ تقریبات،دفاتر اور اہم عمارتوں پرقومی پرچم اور لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔