پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کا مشاورتی اجلاس،انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا

پیر 21 اگست 2023 12:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2023ء) پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات و سابقہ صوبائی وزیر امجد خان آفریدی کے رہائش گاہ پر پی پی پی کے صدر سید محمد علی شاہ باچا کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی اضلاع سمیت سابق فاٹا کے ضم اضلاع کے عہدیداران ،سابق امیدواروں سمیت سینئر رہنماؤں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سینیٹر شمیم آفریدی، جنرل سیکرٹری شجاع خان، امجد خان آفریدی، ساجد حسین طوری، بیرسٹر مسعود کوثر اور فرزند علی خان وزیر نے شر کت کی ،اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ،پارٹی کی تنظیمی امور اور پارٹی موبلائزیشن کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی ۔مشاورتی اجلاس میں عہدیداروں کی کارکردگی ،انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

متفقہ طور پر فیصلہ ہوا کہ پیپلز پارٹی کو خیبر پختونخوا میں مزید فعال منظم اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لئےعہدیدارعوامی رابطہ مہم میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ جنوبی اضلاع کے عہدیداروں نے پارٹی لیڈر شپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے ،انتخابات کی بھرپور تیاریوں کا عزم کیاجبکہ تمام عہدیداروں نے آپس کی تمام اختلافات و رنجشیں ختم کرکے یکجہتی کے ساتھ جدوجہد جاری رکھنے کا عہد بھی کیا۔

اجلاس سے پی پی پی کے صوبائی صدرسید محمد علی شاہ باچا، شجاع سالم خان، امجد خان آفریدی سمیت دیگر عہدیداروں نے خطاب کیا۔سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ قیادت اور کارکنوں کے درمیان رابطے کا فقدان ختم کرنا ہوگا ،کارکنوں کی مایوسی واحساس محرومی ختم کریں گے ۔پیپلزپارٹی کو خیبرپختونخوا میں مزید فعال منظم اور مظبوط قوت بنانے کے لئے عوامی رابطہ مہم شروع کریں ،کارکنوں کو متحرک کرنے پارٹی موبلائزیشن لیڈر شپ کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں عہدیداروں کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانی ہوگی۔

محمد علی شاہ باچا کا کہنا تھا کہ پارٹی امیدوار کارکنوں کے باہمی مشاورت سے فائنل کریں گے ،عہدیداران اور کارکنان آپس کی رنجشیں واختلافات کو ختم کر کے متحد ہو کر پارٹی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد خان آفریدی نے کہا کہ یکجہتی کے ساتھ مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،عہدیداران اور کارکنان عہد کریں کہ پارٹی کو گراس روٹ لیول پر منظم وفعال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہر ضلع میں اجلاس منعقد کیے جا ئیں گے ،ہرفیصلہ میرٹ اور کارکنوں کے مشاورت سے ہو گا۔