پاکستان رینجرز کی بڑی کارروائی،در اندازی کی کوششوں میں 6 بھارتی اسمگلر گرفتار

اسمگلرز کیخلاف غیر قانونی داخلے پر کارروائی کی جائے گی،بھارتی بی ایس ایف کا اسمگلرز کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ بعید از قیاس نہیں،آئی ایس پی آر

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 22 اگست 2023 12:11

پاکستان رینجرز کی بڑی کارروائی،در اندازی کی کوششوں میں 6 بھارتی اسمگلر ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 22 اگست 2023ء) در اندازی کی کوششوں پر 6 بھارتی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز نے بھارت کی طرف سے اسمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 29 جولائی سے 3 اگست تک در اندازی کی کوششوں میں 6 بھارتی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا،بھارتی شہری منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔

گرفتار افراد میں فیروز پور کے رہائشی گرمیج سنگھ،سندر سنگھ،جگندر سنگھ اور وشال سنگھ شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ جالندھر کا رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ کے گروندر سنگھ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسمگلروں کیخلاف غیر قانونی داخلے پر کارروائی کی جائے گی،ریاست مخالف سرگرمیوں پر پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی ہو گی۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی بی ایس ایف کا اسمگلروں کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ بعید از قیاس نہیں،توقع ہے کہ بی ایس ایف اسمگلروں کے ساتھ گٹھ جوڑ کو ختم کرے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بھارتی فوج کی جانب سے نکیال سیکٹر پر شہری آبادی کو بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے باعث 60 سالہ بزرگ شہری غیاث شہید ہو گیا، جبکہ کھیتوں میں گاس کاٹنے والی 3 خواتین بھی فائرنگ کا نشانہ بن کر زخمی ہو گئیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف وزری کی،پاکستان سرحدوں پر امن کی حمایت کرتا ہے۔پاکستان امن کی خواہش کے باوجود اپنے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر کارروائی کرے گا، پاکستانی عوام کے خلاف کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔