Live Updates

کیس میں دی گئی سزا کم دورانیے کی ہے، درخواست گزار سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کا حقدار ہے، توشہ خانہ کیس کا تحریری حکم نامہ

عدالتی دائرہ اختیار اور دیگر غور طلب ایشو کو سزا معطلی درخواست میں طے نہیں کیا جا رہا،فریقین کی جانب سے ان ایشوز پر تفصیلی دلائل دیے گئے مگر ان پر فیصلہ اپیل میں کیا جائے گا، تحریری حکم نامہ

منگل 29 اگست 2023 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2023ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کے تحریری فیصلے میں کہاگیاہے کہ کیس میں دی گئی سزا کم دورانیے کی ہے، عدالت سمجھتی ہے کہ درخواست گزار سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کا حقدار ہے۔عدالت عالیہ اسلام آباد کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ کا 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ کیس میں دی گئی سزا کم دورانیے کی ہے، عدالت سمجھتی ہے کہ درخواست گزار سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کا حقدار ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری فیصلے کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ کی سنائی گئی 3 سال قید اور1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا معطل کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی کمپلینٹ پر سزا کا فیصلہ سنایا۔

سزا معطلی کے تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ کے قائم علی شاہ کیس کا حوالہ بھی شامل کیا گیا، سپریم کورٹ نے قرار دیا ضمانت دینا یا انکار کرنا ہائیکورٹ کی صوابدید ہے۔عدالت عالیہ اسلام آباد نے تحریری فیصلے میں کہا کہ سزا معطلی کی درخواست منظور کر کے 5 اگست کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے، درخواست گزار کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے داخل کرانے پر ضمانت پر رہا کیا جائے۔

ہائیکورٹ نے فیصلے میں تحریر کیا کہ عدالتی دائرہ اختیار اور دیگر غور طلب ایشو کو سزا معطلی درخواست میں طے نہیں کیا جا رہا، فریقین کی جانب سے ان ایشوز پر تفصیلی دلائل دیے گئے مگر ان پر فیصلہ اپیل میں کیا جائے گا۔عدالت عالیہ نے فیصلے میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطلی کے خلاف نیب اپیل پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سزا معطلی فیصلوں میں طویل اٰرڈر جاری کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ٹرائل کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات