<7 ستمبر پاکستان اور اسلام اور تحفظ ختم نبوت کا عظیم تاریخی یادگار دن ورثہ میں ہمیں اپنی قومی لیڈر شپ کی جانب سے انعام کے طورپر ملا ہے، مولانا حامدالحق حقانی

جمعرات 7 ستمبر 2023 19:50

ؒنوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2023ء) جمعیت علما اسلام کے سربراہ، دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامدالحق حقانی نے کہاہے کہ 7 ستمبر پاکستان اور اسلام اور تحفظ ختم نبوت کا عظیم تاریخی یادگار دن ورثہ میں ہمیں اپنے قومی لیڈر شپ کی جانب سے انعام کے طورپر ملا ہے، اس تاریخی دن کو کامیاب اوریادگار بنانے والے ہیروز میں ہمارے داداشیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق صاحب اور والد گرامی شہید ناموس رسالت،شہیدپاکستان شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق شہید حضرت مولانا مفتی محمود،حضرت مولانا شاہ احمد نورانی،پروفیسر غفور،مولانا غلام غوث ہزاروی،شیخ الحدیث حضرت مولانا تقی عثمانی اور اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اوردیگر ارکان قومی اسمبلی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کے دفاع کیساتھ ساتھ ختم نبوت کے تحفظ کے لحاظ سے یہ فتح مبین کا دن ہے۔ میرے والد مولانا سمیع الحق شہید اور مولانا تقی عثمانی نے شیخ الحدیث حضرت مولاناعبدالحق اور حضرت مولانا مفتی محمود کے حکم پر اڑتالیس گھنٹوں میں''قادیانیت اور ملت اسلامیہ کا موقف''کتاب قومی اسمبلی کے لئے مدلل دلائل سے بھرپور تیار کی،وہی کتاب اٹارنی جنرل آف پاکستان نے قومی اسمبلی میں پڑھ کر سنائی اور قائدین حضرت مولانا مفتی محمود،شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق نے اس پر زبردست آواز اور تحریک قومی اسمبلی میں بلند کی جس کی بنیاد پر قادیانی کافر اور اقلیت قرار دے دئیے گئے جو کہ آئین کا حصہ بن چکا ہے، قادیانی آئین پاکستان کے غدار ہیں جو آئین کو آج تک تسلیم نہیں کرتے اور ہمارے حکمران ان کو آئے دن سہولیات دیتے رہتے ہیں جوکہ لمحہ فکریہ ہے۔

ان خیالات کا اظہارمولانا حامد الحق حقانی نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے وسیع و عریض دارالحدیث میں منعقدہ ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا حقانی نے قوم سے اپیل کی کہ آج 7 ستمبر شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق کا یوم وفات ہے اور عالم اسلام کی عظیم اسلامی یونیورسٹی جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا یوم تاسیس بھی ہے اسلئے پورے پاکستان کے مدارس علمائے کرام،خانقاہوں،مساجد،تبلیغی مراکز اور خصوصا جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے کارکن رہنما اورساتھی دفاع پاکستان کی دیگر جماعتیں آج قادیانیت کے خلاف اپنے بیانات کے موقع پر امت کے ان عظیم رہنماؤں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جن کی محنتوں سے قادیانی فتنہ اقلیت میں تبدیل ہوا اور خصوصا حضرت مولانا عبدالحق اور مولانا سمیع الحق شہید کیلئے ہرجگہ دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے۔

مولانا حامد الحق حقانی نے اس بات پر زور دیا کہ فرقہ واریت اور تعصب عالم اسلام اور پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرسکتا ہے،سب کو توبہ استغفار کرکے امت کو یکجا کرنے کیلئے پاکستان اور دنیابھر میں دعوت تبلیغ کے کام کرنے کو فروغ دینا ہوگا جس سے امت مسلمہ اور پاکستان مستحکم ہوسکیں گے۔تقریب میں مولانا حافظ شوکت علی،مولانا عرفان الحق، مولانا لقمان الحق، مولانا اسامہ سمیع کے علاوہ دیگر اساتذہ و علمائے کرام نے شرکت کی۔۔