سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن جیل جانے سے بچ گئے

ہفتہ 16 ستمبر 2023 17:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2023ء) پاکستان میں امریکا کے سابق سفیر رچرڈ اولسن جیل جانے سے بچ گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی عدالت کی طرف سے اولسن کو پروبیشن پر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سابق امریکی سفیر کو عدالت کی طرف سے جرمانہ بھی عائد کیا گیا، ان کو قید کی سزا نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق 63 سالہ اولسن امریکی عدالت میں پیش ہوئے، گزشتہ سال انہوں نے 2 جرائم کا اعتراف کیا تھا۔

انہوں نے ریٹائرمنٹ کے ایک سال کے اندر قطر کے لیے لابنگ کرنے اور تیسرے فریق سے ملنے والے سفری فوائد کو ظاہر کرنے میں ناکام رہنے کا اعتراف کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اولسن کو 6 ماہ تک کی قید ہو سکتی تھی، بظاہر امریکا کے لیے ان کی خدمات اور پلی بارگین نے قید کو روکا۔رچرڈ اولسن 2016 میں محکمہ خارجہ سے ریٹائر ہوئے، ان کا کیریئر 34 سال تک محیط رہا۔