پاکستان سے ملائیشیا جانے والوں کیلئے خوشخبری

ملائیشین ائیرلائن نے کم کرایوں پر کراچی کیلئے براہ راست پروازوں کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 ستمبر 2023 12:28

پاکستان سے ملائیشیا جانے والوں کیلئے خوشخبری
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 ستمبر 2023ء ) پاکستان سے ملائیشیا جانے والوں کیلئے خوشخبری ہے کہ ملائیشین ائیرلائن نے کم کرایوں پر کراچی کیلئے براہ راست پروازوں کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائشیا سے تعلق رکھنے والی باٹک ائیر لائن نے پاکستان میں اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت باٹک ائیر لائن کی جانب سے کراچی کے لیے براہ راست پروازوں کا اعلان کیا گیا ہے، ائیر لائن آئندہ ماہ 31 اکتوبر سے کوالالمپور کراچی کے درمیان براہ راست فلائٹس کا آغاز کرے گی، اس مقصد کے لیے فضائی کمپنی کراچی اور کوالالمپور کے درمیان ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

ملائیشین ائیرلائن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کے باٹک ائیر کی پرواز او ڈی 135 کوالالمپور سے منگل، جمعرات اور ہفتے کی رات پونے 8 بجے کراچی پہنچے گی، ان ہی تین دنوں میں کراچی سے پرواز او ڈی 136 رات پونے 9 بجے کوالالمپور کے لیے روانہ ہوگی، ائیر لائن اسٹوڈنٹس اور گروپ مسافروں کے لیے خصوصی پرکشش رعایتی نرخوں پر بکنگ کی سہولت دے گی۔

(جاری ہے)

ادھر عمان سے تعلق رکھنے والی سستی فضائی کمپنی سلام ایئر نے پشاور سے مسقط کی پروازوں کا اعلان کیا ہے، یکم اکتوبر سے سلام ایئر ہر پیر اور جمعرات کو پشاور کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلائے گی، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں سلام ائیر کے سی ای او کیپٹن محمد احمد نے کہا کہ یہ نئے روٹ عمان اور دنیا کے درمیان رابطے کو بلند کرنے میں ہماری کامیابی کی نشاندہی کرتے ہیں، پاکستان میں سیالکوٹ، ملتان اور کراچی کے بعد پشاور ہماری چوتھی منزل ہے، ہم پشاور کو اپنے تازہ ترین مقامات کے طور پر منظر عام پر لانے کے لیے پرجوش ہیں، جو ہمارے چھ سال کے کامیاب آپریشنز کا ثبوت ہے، اب ہم نے اپنے نیٹ ورک کو تین براعظموں پر محیط 41 ہوائی اڈوں کا احاطہ کرنے کے لیے بڑھا دیا ہے۔