ڈیرہ غازی خان ، کمرہ عدالت کے سامنے فائرنگ سے ایک شہری موقعے پر جاں بحق، دو زخمی

بدھ 20 ستمبر 2023 15:16

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2023ء) ڈیرہ غازی خان میں پرانی دشمنی پر ملزم نےکمرہ عدالت کے سامنے پیشی پر آئے فریقین پر فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص موقعے پر جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122کے مطابق کنٹرول روم کو کالر نے بتایا کہ سیشن کورٹ کے سامنے فائرنگ ہونے سے تین افراد زخمی ہو گئے ہیں جس کے بعد فوری طور پر قریبی سٹیشن سے دو ایمبولینسز جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں،جب ریسکیو سٹاف موقع پر پہنچا تو ایک شہری محمد جلال گولیاں لگنے سے موقع پر فوت ہو چکا تھا اور دوسرے شہری عمر رشید کو علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان شفٹ کردیا گیاجبکہ تیسرے راہگیر شہری کو موقع پر فرسٹ ایڈ دے کر رخصت کر دیا گیا۔

ترجمان ڈیرہ غازی خان پولیس نے اے پی پی کو بتایا کہ فریقین کے درمیان پرانا تنازعہ تھا جس کا مقدمہ 341/23 تھانہ کالا میں درج ہوا تھا اور آج فریقین عدالت میں پیشی کے لیے آئے ہوئے تھے جن میں سے ایک فریق ملزم یونس نے کچہری کی حدود میں مخالفین پر فائرنگ کر دی جس سے محمد جلال جاں بحق اور عمر رشید زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو تھانہ سول لائن پولیس نے موقعے پر گرفتار کر لیا اور اس سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فریقین ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے کالا کے رہائشی ہیں۔