اسلام آباد،تھانہ کھنہ پولیس کااشتہاری ملزمان کی گرفتار ی کیلئے چھاپہ

اشتہاری ملزمان کی پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ ، ایک ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

جمعہ 22 ستمبر 2023 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) تھانہ کھنہ پولیس کا قتل، ڈکیتی،قبضہ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتار ی کے لئے چھاپہ،اشتہاری ملزمان نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کردی، ایک ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا،ملزمان کے خلاف جڑواں شہروں میں متعدد مقدمات درج ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا اشتہاری ملزمان کی گرفتار ی کے لئے کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،تھانہ کھنہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ قتل، ڈکیتی، قبضہ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزم راشد زمان ساتھیوں کے ہمراہ پنڈوریاں میں ایک گھر میں موجود ہیں، پولیس ٹیم نے تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اشتہاری ملزمان کی گرفتار ی کے لئے چھاپہ مارا،پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی اشتہاری ملزمان نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی،فائرنگ کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیاجبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،چھاپہ کے دوران پولیس اہلکار حفاظتی تدابیر کی بدولت محفوظ رہے ،ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت راشد زمان کے نام سے ہوئی ہے،ملزم تھانہ کھنہ اور ٹیکسلا میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، قبضہ اور دیگر سنگین جرائم کے 08 مقدمات میں مطلوب تھا،فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، آئی سی سی پی اوڈاکٹر اکبرناصرخاں نے کہا کہ اشتہاری اور عدالتی مفروران کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اس میں کسی قسم کی غفلت ولاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔