لڑکی بن کر شہریوں سے 12 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ہتھیانے والا نوسرباز پکڑا گیا

ملزم نے شکایت کنندہ کے بیٹے سے لڑکی بن کرسوشل میڈیا پر رابطہ کیا، خود کو کینسر کا مریض ظاہر کرتے ہوئے رقم ہتھیائی۔ ترجمان ایف آئی اے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 ستمبر 2023 12:35

لڑکی بن کر شہریوں سے 12 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ہتھیانے والا نوسرباز ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 ستمبر 2023ء ) صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی سے لڑکی بن کر شہریوں سے 12 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ہتھیانے والا نوسرباز پکڑا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے مالی فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا، اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کے بیٹے سے لڑکی بن کر سوشل میڈیا پر رابطہ کیا اور خود کو کینسر کا مریض ظاہر کرتے ہوئے رقم ہتھیائی۔

ترجمان ایف آئی اے سے مزید معلوم ہوا کہ ملزم نے من گھڑت پریشانیوں کا بتاکر متاثرہ فرد سے لاکھوں روپے بٹورے، ملزم مجموعی طورپر 12 لاکھ روپے سے زائد وصول کر چکا تھا، ملزم دیگر ساتھیوں کے ساتھ متاثرہ فیملی کو دھمکیاں بھی دیتا رہا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سعودی عرب میں 11 پاکستانیوں کو جعلسازی کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنادی گئی، سعودی پبلک پراسیکیوشن نے ایک مجرمانہ تنظیم کو سزا سنانے کا اعلان کیا ہے جس نے اپنے متاثرین کو ان کی بینک کی معلومات کو اپ ڈیٹ کرنے کا فریب دے کر نشانہ بنایا، پراسیکیوشن نے اس مالی فراڈ کے الزام میں پاکستانی شہریت کے 11 غیر ملکیوں پر مشتمل ایک مجرمانہ تنظیم کے خلاف تحقیقات مکمل کیں۔

تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ افراد متاثرین کو ٹیکسٹ میسجز بھیج کر یا فون کے ذریعے رابطہ کرنے کے بعد ان سے اپنی بینک کی معلومات کو اپ ڈیٹ کرنے کا کہتے، اس طرح سے جب ان کی ذاتی معلومات حاصل کرلیتے تو اسے استعمال کرتے ہوئے ان کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کے بعد رقم ہتھیالیتے۔ بتایا جاتا ہے کہ مالی فراڈ میں ملوث 11 رکنی گروہ کو گرفتار کرکے مجاز عدالت میں بھیجا گیا جہاں ان پر عائد کردہ الزامات کے ثبوت پیش کرنے پر ان کے خلاف ایک حکم جاری کیا گیا جس میں انہیں مجرم قرار دیا گیا اور انہیں زیادہ سے زیادہ مقررہ جرمانے کی سزا سنائی گئی اور ہر ایک کو 7 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا، سب کو سزا مکمل ہونے کے بعد سعودی عرب سے ملک بدر کردیا جائے گا۔