نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم محب وطن اور جمہوریت پسند سیاستدان اور قائد اتحاد رہے، نوابزادہ منصور احمد خان

اتوار 24 ستمبر 2023 16:00

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2023ء) سابق صوبائی وزیر مال پنجاب نوابزادہ منصور احمد خان نے کہا کہ بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم محب وطن اور جمہوریت پسند سیاستدانوں کے سرخیل تھے اور پاکستان کے ہر دور میں ہونے والے سیاسی بحران میں قائد جمہوریت اور قائد اتحاد رہے، انہوں نے وطن عزیز میں قانون آئین اور پارلیمنٹ کی بالا دستی سمیت میڈیا اور عدلیہ کی آزادی کے لیے گرانقدر خدمات سر انجام دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انکی 20 ویں برسی پر ان کے افکار پر چلنے اور تجدید عہد کرتے ہیں کہ ان کے بتائے ہوئے سیاسی اور جمہوری راستے پر چل کر وطن عزیز کو خوشحالی پر لایا جا سکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان مسلسل 70 سال سے جمہوریت کے لیے کوشش کرتے رہے، انہوں نے ملک کے اداروں میں استحکام اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے آواز اٹھائی تاکہ کوئی بھی ادارہ کسی دوسرے ادارے میں مداخلت نہ کر سکے، مگر بدقسمتی سے ان کے بعد ان کے افکار پر عوام، حکمران نہ چل سکے اور ملک بحرانوں کا شکار ہو گیا، اگر ان کے افکار کو اپنایا جاتا تو ملک کی یہ صورتحال نہ ہوتی، انہوں نے کہا کہ 26 ستمبر کو بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کی 20 ویں برسی منائی جا رہی ہے اور یہ دن تجدید عہد کا دن ہے ۔

\378