ڈیل نوازشریف کی ڈکشنری میں نہیں،وہ عوام کو خوشحالی کا نیا ایجنڈا دینے وطن واپس آ رہے ہیں۔ میاں جاوید لطیف

منگل 26 ستمبر 2023 15:34

ڈیل نوازشریف کی ڈکشنری میں نہیں،وہ عوام کو خوشحالی کا نیا ایجنڈا دینے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نوازشریف عوام کو خوشحالی کا نیا ایجنڈا دینے وطن واپس آ رہے ہیں،نواز شریف کا پاکستان کے لئے عزم،پختہ ارادہ و فکر مند ہونا دیکھ کر اطمینان ہوا۔چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف عدم اعتماد کسی کی خواہش نہیں بلکہ سیاست کی ضرورت تھی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پچھلے دنوں نوازشریف کے پاس گیا تو ان کا پاکستان کے لئے عزم،پختہ ارادہ و فکر مند ہونا دیکھ کر اطمینان ہوا اور انشااللہ2017 کی ڈوبی معیشت کو نوازشریف ہی گرداب سے باہر نکالیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو بتایا کہ اس وقت مہنگائی بڑا مسئلہ ہے،عوام بجلی کے بل دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں،اس پر محمد نواز شریف نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف سمیت آئی پی پیز کے معاہدوں کا از سر نو جائزہ لیں گے اور سی پیک کو نئی توانا شکل دیں گے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کا استقبال کرنے مینار پاکستان آنیوالے ہر مکتبہ فکر کے افراد کو ایک نیا تجدید عہد کرنے اور قوم کو ایک قوم بنا کر مایوسی سے نکالنے کا ایجنڈا دینے کیلئے ا کٹھا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دور اقتدار میں پا کستان 24 ویں معاشی طاقتور ریاست بن چکا تھا لیکن ابھرتی ہوئی کو پی ٹی آئی نے48 ویں معیشت بنا دیا،نوازشریف ملکی معیشت کو دوبارہ 22 ویں نمبر پر لے کر آئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں جاوید لطیف نے کہا کہ پٹرول بم ،مسلح جتھے (ن) لیگ نے کبھی نہیں بنائے اور کبھی جلائو گھیرائو نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو خوشحالی کا نیا ایجنڈا دینے نوازشریف وطن واپس آ رہے ہیں،نوازشریف واحد لیڈر ہے جو ملک کو گرداب سے نکال سکتا ہے۔میاں جاوید لطیف نے مزید کہا کہ (ن) لیگ تمام سیاسی فورسز کے لئے لیول پلینگ فیلڈ مانگتی ہے، لیول پلینگ فیلڈ 09 مئی کے دہشت گردوں کے لئے نہیں مانگی۔انہوں نے کہا کہ ڈیل نوازشریف کی ڈکشنری میں نہیں ہے۔