نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے بروقت طبی امداد فراہم کرکے مسافر کی جان بچا لی

منگل 26 ستمبر 2023 19:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نےبروقت طبی امداد فراہم کرکے مسافر کی جان بچا لی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دوران پٹرولنگ ایم ون چارسدہ کے قریب موٹروے پولیس نے ایک گاڑی سڑک کے کنارے کھڑی دیکھی، مدد کی غرض سے جب گاڑی کے قریب پہنچے تو دیکھا کہ گاڑی میں ایک ہی ڈرائیور موجود تھا جو نیم بے ہوشی کی حالت میں شدید تکلیف میں مبتلا تھا۔

(جاری ہے)

معاملے کی سنگینی کو جانتے ہوئے موٹروے پولیس نے فی الفور اس شخص کو ایمبولینس کے ذریعے مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیاجہاں اسے ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق بروقت طبی امداد فراہم کرنے سے مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ مذکورہ 32 سالہ شخص اسلام آباد کا رہائشی ہے اور اسلام آباد سے پشاور کی جانب اپنی ذاتی گاڑی میں اکیلے سفر کر رہا تھا اور دوران سفر ہائیپوگلائسیمیا کا شکار ہو گیا تھا۔