ماں بیٹے کے قتل میں ملوث3مبینہ ملزمان گرفتارگھر سے چوری کی جانے والی 2 گاڑیاں برآمد

منگل 26 ستمبر 2023 20:16

ماں بیٹے کے قتل میں ملوث3مبینہ ملزمان گرفتارگھر سے چوری کی جانے والی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) ناظم آباد پولیس نے ڈکیتی کے دوران ماں بیٹے کے قتل میں ملوث3مبینہ ملزمان کو گرفتارکرکے کے ان کی نشاندہی پر گھر سے چوری کی جانے والی دونوں گاڑیاں برآمد کر لی۔ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گرفتار ملزمان فیصل، وحید اور ذیشان شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان قتل کے بعد18ہزار روپے نقدی اور گھر میں موجود ونوں گاڑیاں بمعہ کاغذات لیکر فرار ہوگئے تھے۔

ملزمان نے ہائی روف شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں ناصر نامی شخص کو فروخت کی تھی جبکہ دوسری گاڑی کار حب ریور روڈ موچکو پر کھڑی کردی تھی جسے ناظم آباد پولیس نے موچکو سے برآمد کرلیاہے۔دوسری جانب نیو کراچی کی حدود اعظم بیکری صنوبر کاٹج کے قریب 4 مبینہ ڈاکوجو 2 موٹر سائیکلوں پر سوارہوکر نوجوانوں سے ڈکیتی کی واردات کررہے تھے اسی دوران ایک شخص فیضان نے اپنے لائسینس یافتہ پسٹل سے ڈاکوئوں پر فائرنگ کی جس سے ایک ڈاکو یاسین ولد نامعلوم ہلاک ہوگیا اور دوسرے ڈاکوعلی رضا ولد مشتاق اور کاشف ولد رمضان کوزخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ ملزمان کا چوتھا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے ہلاک اور زخمی ڈاکوئوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیاہے۔پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔