الخدمت فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے والنٹیئرمینجمنٹ سسٹم لانچ

انسانیت کی خدمت کیلئی10لاکھ رضاکاروں کو الخدمت فائونڈیشن کا حصہ بنائیں گے ،وقاص انجم جعفری

منگل 26 ستمبر 2023 23:08

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2023ء) الخدمت فائونڈیشن پاکستان نے والنٹیئرمینجمنٹ سسٹم لانچ کردیاجس کا مقصدرضاکاروں کی نیٹ ورکنگ کے بعد ان کی استعداد میں اضافہ کرنا ہے ،اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹر ی جنر ل سیدوقاص انجم جعفری نے کہاکہ انسانیت کی خدمت کرنے والے رضاکارالخدمت کا ہراول دستہ او رہمارا اثاثہ ہیں،60ہزاررضاکاروں نے مشکل ترین حالات میں اپنی جان کی پروانہ کرتے ہوئے کورونا،سیلاب، زلزلے سمیت حادثات میںذمہ داریاں سرانجام دے کرتاریخ رقم کی ۔

مرکزی نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ والنٹئیر مینجمنٹ سسٹم کا مقصد رضاکاروں کی نیٹ ورکنگ کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے،الخدمت ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے اپنے رضا کاروں کی تعداد 10 لاکھ تک لے جانے کا عزم رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ والنٹیئرمینجمنٹ سسٹممیں ایک ویب سائٹ اور ایک موبائل اپلیکیشن متعارف کروائی گئی ہے جو کہ گوگل پلے اسٹور اور ایپل اسٹور پر موجودہ ہوگی اس کے ذریعے رضا کار تمام سرگرمیوں کی معلومات لے کراس کاحصہ بن سکیں گے جبکہ وہ ان پلیٹ فارمز سے اپنی کارکردگی کاجائزہ بھی لے سکیں گے ۔

تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال، سینئرمنیجر والنٹیئرڈیپارٹمنٹ نثاراحمد، صنان اکبر، دیگر ذمہ داران اور مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔