مظفرآباد، تھانہ پولیس سول سیکرٹریٹ کی جانب سے جعلی کاروائیوں کا پردہ چاک

بدھ 27 ستمبر 2023 16:12

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2023ء) تھانہ پولیس سول سیکرٹریٹ کی جانب سے جعلی کاروائیوں کا پردہ چاک کرنے کے لئے علاقہ چروایا ، امبور کا وفد سابق وزیر حکومت پیرسید غلام مرتضیٰ علی گیلانی کی قیادت میں ایس ایس پی مظفرآباد یاسین بیگ کے پاس پہنچ گیا ، وفدنے تھانہ پولیس سول سیکرٹریٹ کے پولیس اہلکاران کیخلاف شکایات کے انبار لگادیئے ، منشیات فروشی اور نوشی کے کاروبارکیلئے زبردستی مجبور کرکے بھتہ وصول کرنے والے ڈی ایف سی سمیت پولیس اہلکاران کیخلاف کاروائی کیلئے تحریری طوردرخواست جمع کروا دی ، ایس ایس پی یاسین بیگ نے 24 گھنٹوں میں درخواست کی روشنی میں منشیات کے مکروہ کاروبار میں ملوث پولیس اہلکاران بارے میں تحقیقات اورکاروائی کی یقین دہانی کروائی ، وفدمیں گرفتار نوجوان نگاہ علی کے بھائی سید رضا علی بخاری ، سید اقرار، چچا پیر سید چن شاہ ، علی احمد شاہ ، رحیم شاہ ، اظہر نقوی سمیت امبور بازار کے تاجر سید سخاوت ، بلال عباسی ، ملک نسیم ، ملک طاہر ، رشید کیانی ، چوہدری صغیر ، سید پیر حسین شاہ ، حاجی یوسف ، لطیف احمد بھٹی ، شیخ گوہر الرحمان ، سید صدام حسین کی بڑی تعدادموجود تھی ، اس موقع پر وفد نے بھی ایس ایس پی یاسین بیگ سے محکمہ پولیس سے کالی بھیڑوں کاصفایا کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ہم اپنی جان و مال کا محافظ سمجھتے ہیں لیکن ایس ایچ او زاہد عمر کو تھانہ کا عملہ اندھیرے میں رکھ کر جعلی کاروائیاں کررہاہے ، ہم ایس ایچ او زاہد عمرکی کاوشوں کو سراہتے ہیں لیکن ڈی ایف سی سمیت دیگر تھانہ کاپولیس عملہ نوجوان نسل کو گمراہ کرکے مال بنانے میں دن رات مصروف ہے ، وفد نے ایس ایس پی یاسین بیگ سے منشیات فروشی میں ملوث پولیس اہلکاران کیخلاف جلد کاروائی کرتے ہوئے ہفتہ 30 ستمبرتک کسی بھی احتجاج نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ، تاجربرادری، سول سوسائٹی سمیت نگاہ علی کے عزیز اقارب نے ہفتہ 30 ستمبر تک شفاف تحقیقات یا جعلی کاروائیوں کے ماسٹر مائنڈ ز کو معطل کرنے پرسنٹرل پریس کلب کے علاوہ امبور ، چروایا کے مقام پر کسی بھی ایک جگہ پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ،جملہ عزیراقارب کا کہنا تھا کہ ایک شخص عدالت میں کیس کی پیروی کے لئے آتا ہے اور اسے گھر جاتے ہوئے سول کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاران سوزوکی سے اتار کر تھانہ لے جاتے ہیں چھترکے مقام سے گاڑی سے اتار کر تھانے لے جانے کے بعد ورثاء سے لین دین کیلئے کالز کرتے ہیں اور ورثاء کی جانب سے انکار پر امبور چٹی پڑی کے مقام کی گرفتاری اور خود سے بھاری مقدار میں منشیات ڈال کر 9C کا مقدمہ درج کر لیا گیا ، جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور آئی جی پولیس آزاد کشمیر امیر احمد شیخ سے معاملہ کی شفاف تحقیقات اور کاروائی کا بھی مطالبہ کرتے ہیں ۔