پاکستان میں قدرتی حسن اور تاریخی مقامات کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کے بھی بے شمار مواقع موجود ہیں ،سپیکرقومی اسمبلی

بدھ 27 ستمبر 2023 17:22

پاکستان میں قدرتی حسن اور تاریخی مقامات کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2023ء) سپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میں قدرتی حسن اور تاریخی مقامات کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کے بھی بے شمار مواقع موجود ہیں ،عصر حاضر میں سیاحت کے شعبے کا شمار اہم اقتصادی شعبوں میں ہوتا ہے،دنیا کے کئی ممالک کی معیشتوں کا دارومدار سیاحت کے شعبے سے جڑا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی حسن سے نوازاہے،پاکستان مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ کواپنی طرف مبذول کرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،پاکستان میں کوہ پیمائی اورمہم جوئی کے بہترین مواقع موجود ہیں۔پاکستان کو سات ہزار میٹر سے بلند 186پہاڑی چوٹیوں والا ملک ہونے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاحت کا فروغ ضروری ہے،غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان میں سیاحت کے لیے راغب کر کے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے ذریعے مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔