محکمہ زراعت نے دھان کی کٹائی کیلئے سفارشات جاری کردیں

بدھ 27 ستمبر 2023 18:25

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2023ء) دھان ہماری نقد آور فصل ہے۔ پاکستان ہر سال دھان کی برآمد سے قریباً2.5ارب ڈالر زرِ مبادلہ کماتا ہے۔ صوبہ پنجاب میں امسال دھان کی فصل 55لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کاشت کی گئی ہے جو اس وقت برد ا شت کے مرحلہ سے گزر رہی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق دھان کے کاشتکار فصل کی کٹائی اس وقت کریں جب سٹہ کے اوپر والے دانے رنگ بدل چکے ہوں اور نیچے والے چند دانے (دو یا تین) ابھی ہرے ہوں لیکن بھر چکے ہوں۔

اس وقت دانوں میں نمی تقریباً 22 فیصد ہوتی ہے اور سٹے کے اوپر والے دانے صاف، شفاف اورمضبوط جبکہ 90 سے 95فی صد دانے خشک پرالی کے رنگ کی طرح کے ہو چکے ہوتے ہیں اس وقت کٹائی کرنے سے زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ عمدہ چھڑائی کے علاوہ جو صفات اچھے چاول میں پائی جانی چاہئیں وہ بھی موجود ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

فصل کے پکنے کے بعد زیادہ دن تک فصل کھڑی رکھنے سے دانے جھڑنے شروع ہو جاتے ہیں اور اس طرح پیداوار متاثر ہوتی ہے۔

پھنڈائی کے وقت ترپال یا بڑی چادریں بچھا لینی چاہئیں تاکہ دانے مٹی میں مل کر ضائع نہ ہوں۔ دھان کی فصل اتنی ہی کاٹنی چاہئے جس کی اس دن پھنڈائی ہو سکے- دانوں کے ڈھیر کو رات کے وقت ترپال یا پرالی سے ڈھانپ دیں اوربعد ازاں دانوں کو جلد ہی منڈی پہنچا دینا چاہئے۔ اگر کسی وجہ سے دیر ہو جائے تو دن کے وقت ڈھیر کو کھول کر ہوا  لگا لینی چاہئے بصورت دیگر دانوں میں نمی کی وجہ سے گرمی پیدا ہو کر ان سے بُو آنے لگے گی اور دانوں کا رنگ بھی متاثر ہوگاجس سے منڈی میں دام اچھے نہیں ملیں گے۔

کاشتکار دھان کی فصل کی کٹائی کے لئے وہی کمبائن ہارویسٹر استعمال کریں جو بنیادی طور پر دھان کی کٹائی کے لئے بنائی گئی ہوں کیونکہ ایسی کمبائن پھنڈائی کے دوران دانہ کم توڑتی ہیں۔اگر کسی وجہ سے دھان کی کٹائی میں تاخیر ہو جائے اور دانوں میں نمی کی سطح 18 فیصد سے کم ہو جائے تو اس صورت میں مشینی کٹائی سے اجتناب کریں۔دھان کی کٹائی کے بعد کاشتکار مڈھوں کی تلفی کے لئے محکمہ زراعت پنجاب کی ہدایات پر عمل کریں کیونکہ دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی(سموگ) کا اندیشہ ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :