سپریم کورٹ نے سگی بھتیجی کو قانون حق وراثت نہ دینے کی چچا کی اپیل مسترد کردی

بدھ 27 ستمبر 2023 23:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2023ء) سپریم کورٹ نے سگی بھتیجی کاقانونی حق وراثت نہ دینے بارے فیصلہ پر نظرثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے ہیںکہ بچے کی پہچان کا حق صرف خاتون رکھتی ہے،قیامت کے روز بھی بچوں کو ان کی مائوں کے نام سے پکارا جائے گا 17سال تک لڑکی گھر پر رہی تب کسی نے چیلنج نہیں کیا، مقصد بیٹیوں کو زمین نہ دینا ، زمین کی ہوس ہے بس،ایسی مقدمہ بازی کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ میں بھائی کی بیٹی کو وراثت نہ دینے سے متعلق فیصلہ پر نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی،وکیل درخوست گزار نے کہاکہ طوبیٰ مرحوم اظہر حسین کی بیٹی نہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ 17سال تک لڑکی گھر پر رہی تب کسی نے چیلنج نہیں کیا، مقصد بیٹیوں کو زمین نہ دینا ، زمین کی ہوس ہے بس،بھائی بہنوں کو جائیداد سے نکالنے کیلئے سوتیلا کہہ دیتے ہیں،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ طوبیٰ اس جائیداد میں حصہ دار نہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ جائیداد مرنے والے کی تھی ، درخواست گزار کی نہیں، بچے کی پہچان کا حق صرف خاتون رکھتی ہے،قیامت کے روز بھی بچوں کو ان کی مائوں کے نام سے پکارا جائے گا،مقدمہ بازی کر دی جاتی ہے تاکہ لڑکی پھنسی رہے، ایسے مقدمہ بازی کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند کرنا ہوگا،لڑکی طوبیٰ کو اس کے چچا نے زمین کیلئے مقدمہ بازی میں پھنسایا،ہائیکورٹ کے فیصلے پر ابھی تک عملدرآمد کیوں نہیں ہوا نظرثانی کیس کے زیرالتوا ہونے کا مقصد نہیں کہ مرکزی فیصلے پر عمل نہیں کرنا۔