پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں 197کیچپ اینڈ ساسز یونٹس کی چیکنگ ،2 یونٹس کی پروڈکشن بند، 39یونٹس کو بھاری جرمانے

جمعرات 28 ستمبر 2023 15:10

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں 197کیچپ اینڈ ساسز یونٹس کی چیکنگ ،2 ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2023ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں اسپیشل آپریشن کے دوران ساسز،کیچپ،میونیز یونٹس کی چیکنگ کی ، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 197 کیچپ اینڈ ساسز یونٹس کی چیکنگ کے دوران 2 یونٹس کی پروڈکشن بند، 39یونٹس کو بھاری جرمانے، 92کو اصلاحی نوٹس جاری کر دیئے جبکہ 1 مقدمہ درج کر کے 2600 کلو کیچپ،ساسز اور میونیز، 400 کلو ممنوعہ اجزا تلف کر دیئے گئے ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ لاہور ڈویژن میں 36، فیصل آباد میں 30، ساہیوال 19 اور راولپنڈی میں 22 یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں 10، سرگودھا 28، ملتان 18، ڈی جی خان 20 اور بہاولپور میں 14 یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔ تفصیلی لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے 10 سے زائدنمونے بھی لیے گئے۔

(جاری ہے)

ممنوعہ اجزا کی ملاوٹ سے کیچپ تیار کرنے والے 2 یونٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی۔

جبکہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر ایک یونٹ مالک کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ حفظان صحت اصولوں کی خلاف ورزی پر 39 یونٹس کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے،ممنوعہ اجزا سے تیار ناقص کیچپ کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں سپلائی کی جانے والی اشیا خورونوش کے معیار کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتا ہے، جعلسازی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ،قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔