خیبر پختونخوا کے تمام نجی اسکولز میں پشتو اور علاقائی زبانوں کو بطور لازمی مضمون پڑھانے کی ہدایت

جمعہ 29 ستمبر 2023 13:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2023ء) خیبر پختونخوا کے تمام نجی اسکولز میں پشتو اور علاقائی زبانوں کو بطور لازمی مضمون پڑھانے کی ہدایت کر دی گئی۔اسی حوالے سے پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی اسکولوں کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ پشتو اور علاقائی زبانوں کو بطور مضامین پڑھانے کے حوالے سے ریگولیٹری اتھارٹی کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

نجی اسکولز کے تمام سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ پشتو اور علاقائی زبانیں بطور لازمی مضامین قرار دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے۔ مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ 30 جنوری 2012 کو اس وقت کی صوبائی کابینہ نے پشتو اور علاقائی زبانوں کو بطور لازمی مضامین پڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اسی طرح بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ نے بھی صوبائی کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

صوبے کے تمام نجی اسکولز میں پشتو و دیگر علاقائی زبانوں کو بطور مضمون پڑھانے کے فیصلے کے حوالے سے رابطہ کرنے پر پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک پن رجسٹرڈ کے صوبائی سینئیر نائب صدر فضل اللہ داودزئی نے بتایا کہ وہ مزکورہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق بھی دنیا کے تمام ممالک کو اپنے قومی و علاقائی زبانوں میں تعلیم دینا چاہئیے۔ اس بات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ علاقائی زبانیں بہت اہم ہوتی ہیں۔