پاکستان کے نامور اداکار، ہدایتکار، فلم ساز سید کمال کی 14ویں برسی (آج)منائی جائے گی

ہفتہ 30 ستمبر 2023 12:35

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) پاکستان کے نامور اداکار، ہدایتکار، فلم ساز سید کمال کی 14ویں برسی (آج)یکم اکتوبرکو منائی جائے گی۔ ان کا پورا نام سید کمال شاہ تھا۔انھوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز قیام پاکستان سے قبل ممبئی میں بننے والی فلم ’باغی سردار‘کے ایک مختصر کردار سے کیا تھا۔سید کمال نے 2000ء تک 84 فلموں میں کام کیا جن میں 75 اردو، 8 پنجابی اور ایک پشتو فلم شامل تھی۔

(جاری ہے)

ان کی مشہور فلموں میں زمانہ کیا کہے گا، آشیانہ، ایسا بھی ہوتا ہے، ایک دل دو دیوانے، بہن بھائی، ہنی مون، روڈ تو سوات اور نئی لیلیٰ نیا مجنوں کے نام سرفہرست ہیں۔انہوں نے بطور فلم ساز اور ہدایت کار بھی کئی فلمیں بنائیں جن میں جوکر، شہنائی،ہنی مون، ہیرو، آخری حملہ، انسان اور گدھا، جٹ کڑیاں توںڈردا، آج دی کڑیاں، کل دے منڈے اور سیاست کے نام شامل تھے۔سید کمال نے اپنی اداکاری پر لاتعداد ایوارڈز بھی حاصل کئے تھے جن میں بہترین اداکاری کے تین نگار ایوارڈز کے علاوہ لائف ایچیومنٹ ایوارڈ بھی شامل تھے۔ سید کمال کا انتقال یکم اکتوبر 2009ء کو کراچی میں ہوا۔